سری نگر- جموں قومی شاہراہ چٹانیں کھسک آنے کے سبب ٹریفک کے لئے بند
ایک ٹریفک پولیس عہدیدار نے کہا کہ قاضی گنڈ علاقے میں تازہ برف باری اور کئی مقامات پر بارشوں کی وجہ سے چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے سری نگر- جموں قومی شاہراہ کو ہفتے کی صبح ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔
سری نگر: وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی 270 کلو میٹر طویل سری نگر- جموں قومی شاہراہ ہفتے کی صبح کئی مقامات پر چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے ایک بار پھر بند کر دی گئی۔ ایک ٹریفک پولیس عہدیدار نے کہا کہ قاضی گنڈ علاقے میں تازہ برف باری اور کئی مقامات پر بارشوں کی وجہ سے چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے سری نگر- جموں قومی شاہراہ کو ہفتے کی صبح ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے ایک بار پھر بند کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہ پر مہر، کیفٹیریا روڈ، پانتھال اور بانہال- رام بن علاقے میں چٹانیں کھسک آئی ہیں۔ موصوف عہدیدار نے کہا کہ شاہراہ پر جمع ملبے کو ہٹانے کے لئے مشنیری اور نفری کو کام پر لگا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ اچھی طرح سے قابل آمد و رفت بن جانے کے بعد ہی اس پر ٹریفک کی نقل و حمل کو بحال کیا جاسکتا ہے۔ دریں اثنا وادی کا بیرون دنیا کے ساتھ فضائی رابطہ حسب معمول بحال ہے۔
سری نگر ائیر پورٹ اتھارٹی کے حکام نے بتایا کہ ہوائی اڈے پر پروازوں کے اٹھنے اور لینڈ کرنے کا سلسلہ حسب معمول جاری ہے۔ ادھر وادی کے لئے شہہ رگ کی حیثیت رکھنے والی قومی شاہراہ بند ہونے سے اہلیان وادی کو گونا گوں کا مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ شاہراہ بند ہوتے ہی جہاں ایک طرف بازاروں میں اشیائے ضروریہ بالخصوص اشیائے خورد و نوش کی قلت پیدا ہوجاتی ہے وہیں گراں فروشی بھی آسمان چھونے لگتی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ وادی کا 24 فروری کو بھاری برف باری کے باعث بیرون دنیا کے ساتھ زمینی و فضائی رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔