سری نگر- جموں قومی شاہراہ ٹریفک کے لئے ایک بار پھر بند

ٹریفک پولیس ذرائع نے بتایا کہ سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر رام بن میں مہاڈ مقام کے نزدیک چٹانیں کھسک آئی ہیں جس کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل کو بند کر دیا گیا ہے۔

سڑک جام کا منظر/ تصویر یو این آئی
سڑک جام کا منظر/ تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی 270 کلو میٹر طویل سری نگر- جموں قومی شاہراہ، رام بن میں چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے، ہفتے کے روز ٹریفک کی نقل و حمل معطل رہی۔ بتادیں کہ اس قومی شاہراہ پر جمعے کے روز یکطرفہ ٹریفک کی نقل و حمل بحال ہوئی تھی اور پہلے درماندہ گاڑیوں کو ہی کشمیر کی طرف جانے کی اجازت دی گئی تھی۔

ٹریفک پولیس ذرائع نے بتایا کہ سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر رام بن میں مہاڈ مقام کے نزدیک چٹانیں کھسک آئی ہیں جس کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل کو بند کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ جموں، سری نگر اور رام بن میں قائم ٹی سی یو سے تصدیق کرنے کے بغیر اس شاہراہ پر سفر کرنے سے پرہیز کریں۔


دریں اثنا سرکاری ذرائع کے مطابق شری امرناتھ جی یاترا کے لئے کشمیر کی جانب آرہے یاتریوں کو چندر کوٹ یاتری نواس منتقل کیا گیا ہے۔ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب معمول جاری ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اہلیان وادی کے لئے شہہ رگ کی حیثیت رکھنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ کے بند رہنے سے لوگوں کو گونا گوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس کے بند ہونے سے جہاں ایک طرف بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی کمی پیدا ہوجاتی ہے وہیں گراں بازاری بھی آسمان چھونے لگتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔