ایس پی-بی جے پی نے کیا دلتوں کا استحصال، اس لئے کسی قیمت پر ان کی حکومت نہیں بنے گی: مایاوتی

مایاوتی نے کہا کہ غریبوں اور کمزوروں کے لئے بی جے پی اور سماجوادی پارٹی کی حکومت نے کچھ نہیں کیا، مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

مایاوتی
مایاوتی
user

ابو ہریرہ

علی گڑھ :اترپردیش میں گزشتہ دس برسوں میں سماجوادی پارٹی و بی جے پی نے کھلے طور پر دلتوں کا استحصال کرنے کا کام کیا ہے، اس لئے کسی بھی قیمت پر ان کی حکومت نہیں بن سکے گی، اس مرتبہ بی ایس پی مکمل اکثریت کے ساتھ حکومت بنانے کا کام کرے گی، ان خیالات کا اظہار بی ایس پی کی قومی صدر مایاوتی نے انتخابی ریلی کو خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مایاوتی نے سماجوادی پارٹی پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سپا کی حکومت میں جس طرح سے ریزرویشن کا خاتمہ کرنے کے بعد دلت ملازمیں کی نہ صرف ترقی روک دی گئی، بلکہ عدالت کا سہارا لے کر ترقی پا چکے ملازمین کو واپس اسی عہدے پر تعینات کیا گیا، جو کہ غیر قانونی تھا۔ اس کو کسی بھی صورت بھلایا نہیں جا سکتا ہے۔ دوسری جانب انہوں نے بی جے پی کو نشانے پر لیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی مذہب اور ذات کی سیاست کرتی ہے اس سے دلتوں اور اقلیتوں کا استحصال ہوا ہے ان کے حقوق کی پامالی کرنے کرنے والی بی جے پی کو اس بار شکست ہی ہاتھ آنے والی ہے۔


مایاوتی نے کہا کہ بہوجن سماج پارٹی میں ہر ایک کو یکساں حقوق دیئے جائیں گے اور ہر فرد کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔ مایاوتی نے ہاتھرس میں دلت لڑکی کے ساتھ ہوئی نا انصافی پر اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح سے ہاتھرس میں ایک دلت لڑکی کے ساتھ عصمت دری کرنے کے بعد پولس نے اس کے گھر والوں کی اجازت کے بغیر اس کی لاش کو رات کے وقت جلانے کا غیر قانونی کارنامہ انجام دیا ہے، وہ تاریخ میں دلت استحصال کی سب سے بڑی مثال کے طور پر ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے پانچ برسوں کی حکومت میں صوبہ میں کوئی ترقی نہیں ہوئی، سرکاری خزانے کو کھلے عام اپنے جھوٹے پرچار میں لٹایا گیا، اسی لئے میڈیا سچائی دکھانے کے بجائے بی جے پی حکومت میں ہونے والے جرائم کی وارداتوں کو چھپانے کا کام کرتی ہے۔ مایاوتی نے کہا کہ جس صوبہ میں بی ایس پی کی حکومت میں قانون کا راج تھا اس صوبہ کو بی جے نے مذہب اور ظلم کے نام پر برباد کر دیا، مہنگائی کم کرنے کے نام پر حکومت میں آئی بی جے پی نے مہنگائی بڑھانے کے تمام رکارڈ توڑ دیئے ہیں۔


مایاوتی مزید نے کہا کہ کھانے کے تیل سے لیکر پٹرول تک سب کچھ مہنگا ہو چکا ہے، غریب کی زندگی بھاجپا والوں کے لئے کوئی معنی نہیں رکھتی، اس لئے اس بار اس کا خاتمہ طے ہے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ضلع صدر تلک راج یادو، شہر حلقہ کی امیدرا ڈاکٹر رضیہ خان، کول حلقہ سے محمد بلال سمیت سات اسمبلی حلقوں کی امیدار موجود رہے، انہوں نے سبھی سے اپیل کی کہ حق اور انصاف کے لئے بی ایس پی کے امیدواروں کے حق میں اپنے ووٹ کا ستعمال کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔