سورو گانگولی اور جئے شاہ اپنے عہدوں پر برقرار رہیں گے، سپریم کورٹ نے بی سی سی آئی کو آئین میں ترمیم کی دی اجازت
سپریم کورٹ نے بی سی سی آئی سربراہ سورو گانگولی اور سکریٹری جئے شاہ کو بڑی راحت دی ہے، عدالت نے ان افسران کی مدت کار سے جڑے معاملے میں بی سی سی آئی کو اجازت دی کہ وہ اپنے آئین میں ترمیم کر سکتی ہے۔
سپریم کورٹ نے بی سی سی آئی سربراہ سورو گانگولی اور سکریٹری جئے شاہ کو بڑی راحت دی ہے۔ عدالت نے ان افسران کی مدت کار سے جڑے معاملے میں انھیں راحت دیتے ہوئے اپنے اپنے عہدہ پر برقرار رہنے کا راستہ ہموار کر دیا ہے۔ عدالت نے بدھ کے روز فیصلہ سناتے ہوئے بی سی سی آئی کے آئین میں ترمیم کو منظوری دے دی ہے۔ ساتھ ہی کولنگ آف پیریڈ سے جڑے آئین میں ترمیم کو بھی منظوری دے دی۔ اس کا مطلب ہے کہ اب سورو گانگولی اور جئے شاہ کی مدت کار پر فی الحال کوئی بحران نہیں ہے۔
عدالت نے کہا کہ ’’ہمارا نظریہ ہے کہ آئین میں ترمیم اصل مقاصد کو کمزور نہیں کرے گا۔ ہم مجوزہ ترمیم کو قبول کرتے ہیں۔‘‘ عدالت نے کہا کہ بی سی سی آئی کے ذریعہ مجوزہ ترمیم ہمارے اصل مقاصد کے جذبہ سے الگ نہیں ہے، اور اسے منظور کیا جاتا ہے۔ عدالت کے اس فیصلے کے ساتھ بی سی سی آئی کو بھی راحت ملی ہے۔
واضح رہے کہ بی سی سی آئی کے موجودہ آئین کے مطابق سورو گانگولی اور سکریٹری جئے شاہ کو اسی ماہ (ستمبر) میں لازمی تین سال کی کولنگ آف پیریڈ کے بعد عہدہ سے دستبردار ہونا تھا۔ یہ دونوں اور جوائنٹ سکریٹری جیش جارج، ریاستی ایسو سی ایشن اور کرکٹ بورڈ میں مشترکہ طور سے چھ سال تک عہدیداروں کی شکل میں کام کر چکے ہیں۔ بی سی سی آئی کے موجودہ اصول کے مطابق گانگولی کی 6 سال کی مدت کار 2020 میں ختم ہو چکی ہے۔ بی سی سی آئی حالانکہ کولنگ آف کلاؤز میں تبدیلی کرنا چاہتا ہے۔ جسٹس آر ایم لوڑھا کمیٹی نے اپنی تجاویز میں تین سال کے کولنگ آف پیریڈ کی پیروی کی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔