حکومت کانگریس کے مشوروں کو سنجیدگی سے لے اور ضروری قدم اٹھائے: سونیا گاندھی

سونیا گاندھی کا کہنا ہے کہ ایک ملک کے ناطے ضروری ہے کہ ہم موجودہ حالت اور مستقبل میں آنے والی ممکنہ کورونا لہروں سے نمٹنے کے لیے اپنے پاس موجود وسائل کے بہتر استعمال کی تیاری ابھی سے کریں۔

سونیا گاندھی، تصویر آئی اے این ایس
سونیا گاندھی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

آج کانگریس کی جانب سے کووڈ-19 پر مبنی ایک وہائٹ پیپر جاری کیا گیا جس میں کورونا انفیکشن سے پیدا موجودہ حالات اور آئندہ کے تعلق سے پیش خدشات کا تذکرہ کرتے ہوئے مرکز کی مودی حکومت کو کئی اہم مشورے دیئے گئے ہیں۔ تقریباً 150 صفحات پر مبنی اس وہائٹ پیپر میں کانگریس صدر سونیا گاندھی نے بطور دیباچہ کچھ اہم باتیں لکھی ہیں جو ’قومی آواز‘ کے قارئین کے لیے پیش خدمت ہے:

کورونا وبا صدی میں ایک بار آنے والا ایسا طبی بحران ثابت ہوا ہے جس نے دنیا بھر میں ناقابل یقین صورت حال پیدا کر دی ہے۔ ہندوستان اب بھی کورونا کی دوسری اور سب سے خطرناک لہر سے نبرد آزما ہے۔ یہ وبا تب تک ملک کے لوگوں کو متاثر کرتی رہے گی جب تک ملک کے سبھی 18 سال اور زیادہ عمر کے لوگوں کو ویکسین نہیں دے دی جاتی اور لوگ کووڈ ضابطوں پر عمل نہیں کرتے۔


یہ ضروری ہے کہ ایک ملک کے ناطے ہم آج کی حالت اور مستقبل میں آنے والی ممکنہ کورونا لہروں سے نمٹنے اور جدوجہد کرنے کے لیے اپنے پاس موجود وسائل کے بہتر استعمال کی تیاری ابھی سے کریں۔ کانگریس پارٹی اس غیر معمولی چیلنج سے نمٹنے کے لیے حکومت ہند کے ساتھ کام کرنے کو لے کر پرعزم ہے۔

تعاون کے اسی جذبہ اور اہم اپوزیشن پارٹی کا کردار نبھاتے ہوئے کانگریس پارٹی لگاتار حکومت سے رابطہ اور ڈائیلاگ کرتی رہی ہے اور مشورے دیتی رہی ہے کہ اس وبا سے کس طرح نمٹا جا سکتا ہے۔ بحران کے وقت میں کانگریس پارٹی کے اراکین ضرورت مند لوگوں کی مدد کرنے میں پیش پیش رہے ہیں۔


اس زبردست بحران کے وقت حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ کووڈ وبا کو لے کر کیے گئے اپنے سبھی پالیسی پر مبنی فیصلوں سے ملک کے لوگوں کو مطلع کرائے۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کی گزشتہ میٹنگ میں طے کیا گیا تھا کہ اس وبا کے دور میں مرکز کے پالیسی پر مبنی فیصلوں کا تجزیہ ہونا وقت کا مطالبہ ہے۔ اس اندازہ سے کووڈ وبا سے نمٹنے میں ہوئی غلطیوں کی اصلاح کی جا سکتی ہے۔

اس لیے کانگریس پارٹی نے یہ وہائٹ پیپر (قرطاس ابیض) تیار کیا ہے، جس میں وبا سے نمٹنے کے لیے مرکزی حکومت کی پالیسیوں کا جائزہ لیا گیا ہے، خصوصاً عوامی صحت کے شعبہ میں ہوئی بدنظمی پر دھیان دیا گیا ہے۔ اس میں کاگنریس نے بہت سے مشورے دیئے ہیں جس سے کووڈ وبا سے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے۔ امید ہے کہ مرکزی حکومت ان مشوروں اور اس وہائٹ پیپر کو سنجیدگی سے لے گی اور ذمہ داری سے صحیح قدم اٹھائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔