حیدرآباد: غریب اور مستحق خاندانوں میں ’سونیا گاندھی راشن کٹس‘ کی تقسیم
سعید کی جانب سے روزانہ مستحق خاندانوں میں راشن کٹس تقسیم کی جارہی ہیں، جس کو سونیا گاندھی راشن کٹس سے موسوم کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں ایک سروے کرنے کے بعد حقیقی مستحقین کی نشاندہی کی گئی ہے
حیدرآباد: آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے اقلیتی شعبہ کے قومی کوارڈنیٹر ایس زیڈ سعید نے متمول اور اہلِ خیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک بھر میں دو ماہ سے جاری مسلسل لاک ڈاؤن کے سبب غریب خاندانوں کی مشکلات کو دور کرنے میں اپنا حصہ ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے اپنے علاقوں میں، اپنے غریب رشتہ داروں، احباب اور پڑوسیوں کی مدد کریں اور اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ حقیقی ضرورت مندوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے گھروں تک امداد پہنچائیں، یہ وقت کا تقاضہ ہے۔
سعید کی جانب سے روزانہ مستحق خاندانوں میں راشن کٹس تقسیم کی جارہی ہیں، جس کو سونیا گاندھی راشن کٹس سے موسوم کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں ایک سروے کرنے کے بعد حقیقی مستحقین کی نشاندہی کی گئی ہے اور ان تک اناج پہنچایا جا رہا ہے۔ ان کٹس میں 10 کلو چاول، دو کلو آٹا، تیل، مرچی، چینی، وغیرہ شامل ہیں۔
سید محمد حسین سعید اور سید مرتضیٰ سعید کی نگرانی میں راشن کٹس کی تقسیم عمل میں لائی جارہی ہے۔ حسین سعید نے کہا کہ ملک بھر میں کانگریس‘ خصوصاً یوتھ کانگریس کے لیڈران اور ورکرز غریبوں کی امداد و راحت کاری میں مصروف ہیں۔ انہوں نے مکل واسنک، دیگ وجے سنگھ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی، ندیم جاوید صدر مائنارٹیز ڈپارٹمنٹ اے آئی سی سی اور دیگر لیڈران کو حالات سے واقف کروایا۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی اور راہل گاندھی قوم کی خدمت کے لئے وقف ہوچکے ہیں‘ اور غریبوں و مزدوروں کی راحت کاری کے لئے بے شمار اقدامات کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : راہل گاندھی کی ’نیائےیوجنا‘ پر چھتیس گڑھ ریاست میں عمل شروع
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورت حال کے لئے مرکزی اور ریاستی حکومتیں ذمہ دار ہیں، جن کے اچانک اور غیر منصوبہ بند اقدامات سے عوام کے تمام طبقات تکلیف و مصیبت سے دوچار ہوگئے ہیں اور ساری سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں‘ اس مصیبت سے عوام کو سنبھلنے کے لئے دو سال اور اس سے زیادہ مدت لگ سکتی ہے اور حکومت کی جانب سے ان کو کسی قسم کی مدد پہنچنے کی کوئی امید بھی نہیں ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 18 May 2020, 4:11 PM