بالاسور ٹرین حادثہ پر سونیا گاندھی نے کیا اظہار تعزیت

سونیا گاندھی نے اپنے بیان میں کہا ’’اڈیشہ میں ہونے والے ہولناک ٹرین حادثہ کی وجہ سے مجھے بہت زیادہ تکلیف ہوئی ہے۔ میں تمام سوگوار خاندانوں سے اپنی گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔‘‘

سونیا گاندھی، تصویر @INCIndia
سونیا گاندھی، تصویر @INCIndia
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: یونائیٹڈ پروگریسیو الائنز (یو پی اے) کی چیئرپرسن اور سابق کانگریس صدر سونیا گاندھ نے اڈیشہ کے بالاسور میں پیش آئے ٹرین حادثہ میں سینکڑوں مسافروں کی ہلاکت پر رنج و غم اور سوگوار کنبوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا۔ کانگریس پارلیمانی پارٹی (سی پی پی) کی صدر نے ایک بیان میں کہا ’’اڈیشہ میں ہونے والے ہولناک ٹرین حادثہ کی وجہ سے مجھے بہت زیادہ تکلیف ہوئی ہے۔ میں تمام سوگوار خاندانوں سے اپنی گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔‘‘

خیال رہے کہ اڈیشہ کے بہانگا ریلوے اسٹیشن کے قریب جمعہ کی شام پیش آنے والے ٹرین حادثہ میں اب تک 261 افراد کی ہلاکت کی تصدق کی جا چکی ہے، جبکہ 900 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ تمام زخمیوں کا اسپتالوں میں علاج کیا جا رہا ہے اور ان میں سے متعدد کی حالت نازک ہے۔


دریں اثنا، کانگریس جنرل سکریٹری (تنظیم) کے سی وینوگوپال نے کہا کہ پارٹی سربراہ ملکارجن کھڑگے نے لوک سبھا لیڈر ادھیر رنجن چودھری اور اے آئی سی سی انچارج اے چیلا کمار کو فوری طور پر اڈیشہ میں جائے حادثہ کا دورہ کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے تاکہ صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے اور کانگریس کارکنوں اور فرنٹل تنظیموں کی طرف سے کی جا رہی امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی جا سکے۔

قبل ازیں، اے آئی سی سی انچارج ایڈمنسٹریشن اور کانگریس صدر کے دفتر کے کوآرڈینیٹر گرودیپ سنگھ سپل نے ٹوئٹ کیا ’’ایسے معاملات میں نہ صرف اخلاقی بنیادوں پر استعفیٰ متوقع ہے بلکہ استعفیٰ اس بات کو یقینی بنانے کا ایک ذریعہ بھی ہے کہ اقتدار میں رہنے والے لوگ اور حادثے کے ذمہ دار اس طرح کی 'اعلی سطحی انکوائری' پر اثر انداز نہ ہوں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ روایت رہی ہے کہ ’چین آف کمانڈ‘ کے تمام افسران معطل اور وزراء مستعفی ہو جاتے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔