بالاسور ٹرین حادثہ: پہلے مال گاڑی سے ٹکرائی کورومنڈل ایکسپریس، پھر ہاوڑہ-بنگلورو ٹرین سے متصادم ہو گئی!
حادثے کے حوالے سے ریلوے سے جو معلومات سامنے آئی ہیں ان کے مطابق کورومنڈیل ایکسپریس (12841) کی بی2 سے بی9 تک کی بوگیاں الٹ گئیں۔ اسی دوران اے1- اے2 کوچز بھی پٹری پر الٹ گئے۔
بالاسور: اڈیشہ کے بالاسور ضلع میں بہانگا بازار اسٹیشن کے قریب ہونے والے اندوہناک ٹرین حادثے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر تقریباً 240 ہو گئی ہے، جبکہ کم از کم 900 سے زیادہ لوگ زخمی بتائے جا رہے ہیں، جن میں سے کئی کی حالت نازک ہے۔ جمعہ کی شام کورومنڈیل ایکسپریس اور ایس ایم وی ٹی-ہاوڑہ سپر فاسٹ ایکسپریس کے 17 ڈبے پٹری سے اتر گئے تھے۔ یہ حادثہ گزشتہ 15 سالوں میں ملک میں پیش آنے والے بدترین ریل حادثات میں سے ایک ہے۔ اس ٹرین حادثے کی تحقیقات اے ایم چودھری (سی آر ایس/ایس ای سرکل) کو سونپی گئی ہے۔
اڈیشہ کے بالاسور میں ہونے والے اس دردناک ٹرین حادثے کو لے کر لوگوں کے ذہنوں میں کئی سوالات ہیں۔ دراصل، جب جمعہ کی شام اس ٹرین حادثے کی خبر سامنے آئی تو معلوم ہوا کہ یہ حادثہ مال گاڑی اور ایکسپریس ٹرین کے تصادم کے باعث پیش آیا اور ریلوے حکام بھی بار بار یہی بات دہرا رہے تھے لیکن بعد میں انکشاف ہوا کہ حادثہ دو ٹرینوں کے درمیان نہیں بلکہ تین ٹرینوں میں ہوا۔ لوگ حیران تھے کہ تین ٹرینوں میں تصادم کس طرح ہو سکتا ہے!
اطلاعات کے مطابق جب یہ واقعہ پیش آیا تو ایک مال گاڑی آؤٹر لائن پر کھڑی تھی۔ اس دوران ہاوڑہ سے چنئی جانے والی کورومنڈیل ایکسپریس (12841) بہانگا بازار سے 300 میٹر پہلے پٹری سے اتر گئی۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ کورومنڈیل ایکسپریس کا انجن مال گاڑی پر چڑھ گیا۔ اس کے ساتھ ہی حادثے کا شکار ہونے والی کورومنڈیل ایکسپریس ٹرین کی کئی بوگیاں تیسرے ٹریک پر گر گئیں۔
اسی دوران ہاوڑہ-بنگلور ایکسپریس (12864) جو اس تیسرے ٹریک پر تیز رفتاری سے آرہی تھی، کورومنڈیل ایکسپریس کے ڈبوں سے ٹکرا گئی۔ یعنی پہلے کورومنڈیل ایکسپریس اور مال گاڑی کی ٹکر ہوئی اور پھر ہاوڑہ-بنگلور ایکسپریس کورومنڈیل ایکسپریس کی بوگیوں سے ٹکرا گئی۔
یہ بھی پڑھیں : اڈیشہ ٹرین حادثے کی وجہ سے 100 سے زیادہ ٹرینیں متاثر
حادثے کے حوالے سے ریلوے سے جو معلومات سامنے آئی ہیں ان کے مطابق کورومنڈیل ایکسپریس (12841) کی بی2 سے بی9 تک کی بوگیاں الٹ گئیں۔ اسی دوران اے1- اے2 کوچز بھی پٹری پر الٹ گئے۔ جبکہ کوچ بی1 اور انجن پٹری سے اتر گئے اور آخر میں کوچ ایچ1 اور جی ایس کوچ پٹری پر ہی رہے۔ جبکہ بنگلورو ہاوڑہ میل (12864) کے ایک جی ایس کوچ کو نقصان پہنچا۔ اس کے ساتھ ہی پیچھے والی جی ایس کوچ اور دو بوگیاں پٹری سے اتر کر الٹ گئیں۔ جب کہ کوچ اے ون سے انجن تک کی بوگی ٹریک پر ہی رہی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔