سماجی کارکن تیستا سیتلواڈ کی درخواست ضمانت پر سپریم کورٹ میں آج ہوگی سماعت

گجرات حکومت کی جانب سے داخل کیے گئے حلف نامے میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان کے خلاف کافی ثبوت موجود ہیں، انہوں نے گجرات فسادات کے دوران جعلی دستاویزات اور ثبوت اکٹھے کیے تھے۔

تیستا سیتلواڈ، تصویر آئی اے این ایس
تیستا سیتلواڈ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: گجرات فسادات کے سلسلہ میں جیل میں قید سماجی کارکن تیستا سیتلواڈ کی ضمانت کے معاملے میں آج سپریم کورٹ میں سماعت کی جائے گی۔ تیستا سیتلواڈ کو 2002 کے گجرات فسادات میں بے قصور لوگوں کو ملوث کرنے کے لیے ثبوت تیار کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ تیستا سیتلواڈ کی درخواست ضمانت پر جسٹس یو یو للت کی سربراہی والی بنچ نے ریاستی حکومت کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کیا تھا۔ اس سے قبل تیستا نے گجرات ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

ادھر حکومت گجرات نے عدالت میں حلف نامہ داخل کر کے تیستا کی ضمانت کی مخالفت کی ہے۔ حلف نامہ میں کہا گیا کہ تیستا سیتلواڈ نے سیاستدانوں کے کہنے پر جعلی شواہد اکٹھے کیے اور اس کام کے لیے رقم وصول کی۔ گجرات حکومت کی جانب سے داخل کیے گئے حلف نامے میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ تیستا کے خلاف کافی ثبوت موجود ہیں اور انہوں نے گجرات فسادات کے دوران جعلی دستاویزات اور ثبوت اکٹھے کیے تھے۔


حکومت نے سپریم کورٹ کو بتایا ہے کہ تیستا نے دیگر ملزمان کے ساتھ مل کر کئی مجرمانہ حرکتیں کیں اور جرائم میں ملوث رہیں۔ سیتلواڈ نے سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں کے ساتھ مل کر سازش رچی ہے اور یہ بات گواہوں کے بیانات سے ثابت ہوتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔