کورونا بحران کے سبب قومی راجدھانی دہلی کے اسکول پھر بند ہونے کے آثار
قومی راجدھانی دہلی میں ہفتہ کے روز کورونا پازیٹیوٹی ریٹ 0.43 فیصد درج کیا گیا، اگر انفیکشن کے معاملوں پر روک نہیں لگتی تو اسکول عنقریب پھر بند ہو سکتے ہیں
نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی میں کورونا کے معاملوں میں اضافہ ہوتا ہے تو اسکول ایک بار پھر بند ہو سکتے ہیں۔ انتظامیہ نے ہدایت دی ہے کہ اگر لگاتار 2 دنوں تک کورونا کی پازیٹیوٹی شرح 0.5 فیصد سے زیادہ ہوتی ہے تو کورونا سیفٹی پروٹوکول کو فوری طور پر نافذ کر دیا جائے گا، جس کے تحت اسکول اور کالج بند کر دیئے جائیں گے۔
خیال رہے کہ ہفتہ کے روز یعنی کہ 25 دسمبر کو قومی راجدھانی میں کووڈ- 19 کی پازیٹیوٹی شرح 0.43 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ ایسے حالات میں اگر انفیکشن کے معاملات قابو میں نہیں آئے تو جلد ہی اسکولوں پر دوبارہ تالے لگ سکتے ہیں۔
حکومت پابندیوں کا فیصلہ کورونا انفیکشن کی شرح، فعال مریضوں کی تعداد اور اسپتالوں میں داخل مریضوں کی تعداد کی بنیاد پر کرے گی۔ تاہم، میڈیا رپورٹ کے مطابق دہلی میں کلاس 1 سے 5 کے طلباء کے اسکول کل یعنی 27 دسمبر 2021 سے کھلنے والے تھے۔ ایسے حالات میں اس بات پر بھی تذبذب کی صورت حال ہے کہ آیا کل سے جونیئر کلاسز شروع ہو سکیں گی یا مزید انتظار کرنا پڑے گا۔
غور طلب ہے کہ کہ دہلی میں سینئر کلاسز کے اسکول 18 دسمبر سے کھلے تھے۔ اسکول پہلے کورونا کی وجہ سے اور پھر فضائی آلودگی کی وجہ سے بند ہوئے تھے۔ اب کورونا انفیکشن کا خطرہ ایک بار پھر بڑھتا جا رہا ہے جس کے پیش نظر اسکولوں کو جلد بند کرنے کی ہدایات جاری کی جا سکتی ہیں۔ جیسے ہی دہلی میں پازیٹیوٹی کی شرح بڑھے گی، اسکول بند ہونے کے ساتھ ساتھ، سوئمنگ پول، تھیٹر وغیرہ پر بھی ایک بار پھر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔