سونے کی قیمت میں زبردست گراوٹ، گزشتہ ایک ہفتے میں ہوئی 5 ہزار روپئے تک کمی
بجٹ سے عین قبل سونا 72 ہزار رپے فی 10 گرام تھا جو اب 68 ہزار روپے سے نیچے پہنچ گیا ہے۔ 22 جولائی کو سونے کی قیمت 72,718 روپے فی 10 گرام تھی لیکن جمعہ 26 جولائی تک یہ گھٹ کر 67,666 روپے پر آچکی تھی۔
سونے کی قیمتوں میں مسلسل گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ حکومت کی جانب سے گزشتہ ہفتے پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے ملک کے عام بجٹ میں سونے پر کسٹم ڈیوٹی میں کمی کے اعلان کے بعد سے سونے کی قیمت مسلسل گر رہی ہے۔ بجٹ پیش ہونے کے بعد سے لےکر اب تک یعنی ایک ہفتے میں سونا تقریباً 5000 روپے سستا ہوا ہے۔ 23 جولائی 2024 کو وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے پارلیمنٹ میں پیش کردہ عام بجٹ میں سونے پر کسٹم ڈیوٹی 15 فیصد سے کم کرکے 6 فیصد کردی تھی۔ اس کا اثر بجٹ کے دن سے ہی سونے کی قیمت پر نظر آنے لگا تھا، جس کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل نے لبنان میں متعدد شہروں اور بستیوں پر حملے کیے
بجٹ سے عین قبل سونا جو 72000 روپے فی 10 گرام کے قریب ٹریڈ کر رہا تھا جو اب 68000 روپے سے نیچے پہنچ گیا ہے۔ اگر ایم سی ایکس پر سونے کی قیمتوں میں ہفتہ وار تبدیلی کو دیکھا جائے تو 22 جولائی کو سونے کی قیمت 72,718 روپے فی 10 گرام تھی لیکن جمعہ 26 جولائی تک یہ گھٹ کر 67,666 روپے پر آچکی تھی۔ کموڈیٹی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران اس نچلی سطح کو چھونے کے بعد سونا 68,160 روپے پر بند ہوا تھا۔ اس حساب سے دیکھا جائے تو ایک ہفتے میں اس کی قیمت میں تقریباً 5000 روپے تک کم ہوئی ہے۔
سونے کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد سونا اپنی اب تک کی بلند ترین سطح سے بہت سستا ہو گیا ہے۔ اس سال اپریل کے مہینے میں سونے کی قیمت تیزی کے ساتھ بلند ترین سطح تک پہنچ گئی تھی اور مقامی مارکیٹ میں اس کی قیمت 74 ہزار روپے فی 10 گرام سے تجاوز کر گئی تھی۔ اگر ایم سی ایکس پر سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کو دیکھا جائے تو اپریل میں پہلی بار 74 ہزار روپے تک پہنچنے کے بعد 20 مئی 2024 کو یہ 74,696 روپے فی 10 گرام تک پہنچ گئی تھی۔ اگر آج کی قیمت سے موازنہ کیا جائے تو اس میں 6500 روپے کی کمی آئی ہے۔
انڈین بلین جیولرز ایسوسی ایشن (آئی بی جے اے) کی ویب سائٹ کے مطابق 26 جولائی کو عمدہ سونے (999) کی قیمت 68,130 روپے فی 10 گرام تھی۔ اس کے ساتھ ہی 22 قیراط سونے کی قیمت 66500 روپے فی 10 گرام کی سطح پر پہنچ گئی تھی۔ 20 قیراط سونے کی قیمت 60,640 روپے فی 10 گرام جبکہ 18 قیراط سونے کی قیمت 55,190 روپے فی 10 گرام رہی۔ یہ قیمتیں 3 فیصد جی ایس ٹی اور میکنگ چارج کے بغیر ہیں۔
واضح رہے کہ ایکسائز ڈیوٹی، ریاستی ٹیکس اور میکنگ چارجز کی وجہ سے سونے کے زیورات کی قیمت ملک بھر میں مختلف ہوتی ہے۔ زیورات بنانے میں زیادہ تر صرف 22 قیراط سونا استعمال ہوتا ہے، جب کہ کچھ لوگ 18 قیراط سونا بھی استعمال کرتے ہیں۔ زیورات پر کیرٹ کے حساب سے ہال مارک کا نشان درج ہوتا ہے۔ 24 کیرٹ سونے کے زیورات پر 999 لکھا ہوا ہوتا ہے جب کہ 23 کیرٹ پر 958، 22 کیرٹ پر 916، 21 کیرٹ پر 875 اور 18 کیرٹ پر 750 لکھا ہوا ہوتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔