عدالتی فیصلے کے فوراً بعد بی جے پی لیڈر نے سوشل میڈیا پر شیئر کی حکم کی کاپی، ضلع جج سے صفائی طلب

ضلع جج کے ذریعہ فیصلہ سنانے کے کچھ ہی دیر بعد بی جے پی لیڈر کریٹ سومیا نے فیصلے کی کاپی شیئر کر دی تھی، اس معاملے میں بامبے ہائی کورٹ نے اظہارِ فکر کرتے ہوئے ضلع جج سے صفائی مانگی ہے۔

بامبے ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس
بامبے ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

بامبے ہائی کورٹ کے سامنے ایک ایسا معاملہ سامنے آیا ہے جس کے بارے میں سن کر خود ہائی کورٹ بھی حیران ہے۔ معاملہ بی جے پی لیڈر کریٹ سومیا سے جڑا ہوا ہے۔ دراصل این سی پی لیڈر حسن مشرف سے جڑے ایک معاملے میں ضلع جج نے ایک فیصلہ سنایا تھا۔ جج کے ذریعہ فیصلہ سنائے جانے کے کچھ ہی دیر بعد بی جے پی لیڈر کریٹ سومیا نے اس کی کاپی سوشل میڈیا پر شیئر کر دی تھی۔ ایسا کر کے کریٹ سومیا بری طرح پھنس گئے۔ این سی پی لیڈر حسن مشرف کے ذریعہ بامبے ہائی کورٹ میں داخل عرضی میں ان کے وکیل نے حیرانی ظاہر کی کہ آخر بی جے پی لیڈر کو فیصلے کی کاپی آنے کے کچھ ہی دیر بعد کہاں سے مل گئی؟ عام طور پر فیصلے کی کاپی چار دن میں ملتی ہے۔

ضلع جج کے ذریعہ فیصلہ سنانے کے کچھ ہی دیر بعد بی جے پی لیڈر کریٹ سومیا کے ذریعہ فیصلے کی کاپی شیئر کرنے کے معاملے پر بامبے ہائی کورٹ نے اظہارِ فکر کیا ہے۔ عدالت نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا ہے اور ضلع جج کو اس معاملے کی جانچ کرنے کے لیے کہا ہے۔ بامبے ہائی کورٹ نے کہا کہ ضلع جج اس بات کو دیکھیں کہ فیصلہ سنانے کے محض دو گھنٹے کے اندر کریٹ سومیا کو آرڈر کی کاپی کہاں سے مل گئی۔ ہائی کورٹ اس معاملے پر اگلی سماعت 24 اپریل کو کرے گا۔


قابل ذکر ہے کہ رجسٹرار آف کمپنیز کی شکایت پر پونے کی عدالت نے یکم اپریل 2022 کو شام 5 اور 5.30 بجے کے درمیان فیصلہ سنایا تھا۔ کریٹ سومیا نے حکم کی کاپی شام 7.30 بجے ٹوئٹ کر دی تھی۔ دوسری طرف ملزمین کو فیصلے کی کاپی 5 اپریل کو مل پائی تھی۔

بامبے ہائی کورٹ کے جسٹس ریوتی موہیتے اور شرمیلا دیشمکھ کی بنچ نے کہا کہ بجلی کی رفتار سے کریٹ سومیا کو عدالتی فیصلے کی کاپی کہاں سے ملی، یہ فکر کا موضوع ہے۔ ہائی کورٹ نے پرنسپل ڈسٹرکٹ جج سے پوچھا ہے کہ آخر کیسے حسن مشرف کے معاملے میں درج ایف آئی آر کی کاپی بھی سومیا کو مجسٹریٹ سے پہلے مل گئی۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ معاملے کے جانچ افسر کو طلب کر کے ان سے سوال جواب کیے جائیں کہ ایسا کیسے ہوا؟ بنچ نے مشرف کو 23 فروری کو کولہاپور میں درج معاملے میں راحت دیتے ہوئے پولیس کو حکم دیا کہ ان کے خلاف کوئی سزا کی کارروائی نہ کی جائے۔


واضح رہے کہ این سی پی لیڈر حسن مشرف پر 2012 میں لوگوں سے پیسہ اُگاہنے کا الزام لگا تھا۔ 2012 میں اشتہار دے کر کئی لوگوں سے 10 ہزار روپے شیئر کیپٹل کے طور پر حاصل کیے تھے۔ لوگوں کو ہر مہینے 5 کلو چینی کے ساتھ دوسرے کئی فائدے دیئے جانے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ اس معاملے میں وویک کلکرنی نام کے شخص کی طرف سے شکایت درج کروائی گئی تھی۔ کلکرنی کا الزام ہے کہ جن لوگوں سے پیسہ لیا گیا تھا، ان کو کوئی بھی شیئر سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔