بی جے پی کو لگا جھٹکا، قومی نائب صدر مکل رائے کے بہنوئی ترنمول کانگریس میں شامل

مکل رائے کے بہنوئی سریجن رائے نے آج ایک تقریب کے دوران ترنمول کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ سریجن کے ساتھ ساتھ سونتراجیا سوجاتا بھی ترنمول میں شامل ہوئیں۔

تصویر @SimontiniB
تصویر @SimontiniB
user

قومی آواز بیورو

مغربی بنگال میں جیسے جیسے اسمبلی انتخابات کے دن قریب آتے جا رہے ہیں، بی جے پی اور ترنمول کانگریس کے درمیان تلخ کلامی کے ساتھ ساتھ لیڈروں کو توڑنے کا سلسلہ بھی عروج پر پہنچتا جا رہا ہے۔ ایک طرف جہاں بی جے پی نے ترنمول کانگریس کے کئی سرکردہ لیڈروں کو اپنی طرف کھینچ لیا ہے، وہیں ممتا بنرجی کی سربراہی والی ترنمول کانگریس نے بھی کچھ بڑے ہاتھ مارتے ہوئے بی جے پی کو جھٹکا دیا ہے۔ کچھ ایسا ہی آج اس وقت دیکھنے کو ملا جب بی جے پی کے قومی نائب صدر مکل رائے کے بہنوئی نے ترنمول کانگریس کا دامن تھاما۔

مکل رائے کے بہنوئی سریجن رائے نے آج ایک تقریب کے دوران ترنمول کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ سریجن کے ساتھ ساتھ سونتراجیا سوجاتا بھی ترنمول کانگریس میں شامل ہوئیں۔ ان دونوں نے سہ پہر ترنمول کانگریس دفتر ترنمول بھون میں ریاستی وزیر کی موجودگی میں پارٹی کا جھنڈا تھاما۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ مکل رائے ایک عرصے تک ممتا بنرجی کے بعد ترنمول کانگریس میں دوسری پوزیشن پر رہے، لیکن پھر انھوں نے بی جے پی کا دامن تھام لیا تھا۔ بعد ازاں انھوں نے کہا تھا کہ ترنمول کانگریس کو کھڑا کرنے میں ان کا اہم رول رہا ہے اور اب وہ ترنمول کانگریس کو ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ لیکن آج الٹا ان کا ہی گھر بکھرتا ہوا نظر آ رہا ہے۔


واضح رہے کہ گزشتہ سال سریجن رائے نے بی جے پی میں شامل ہوکر مکل رائے کا ہاتھ تھام لیا تھا۔ ان پر ترنمول کانگریس نے الزام عاید کیا تھاکہ انھوں نے ریلوے میں نوکری دلانے کے نام پر لوگوں سے بڑے پیمانے پر روپے وصولے ہیں۔ان کے خلاف پولیس نے کارروائی بھی کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔