ایم پی ضمنی انتخاب: بی جے پی کو جھٹکا، ستیش سکروار سینکڑوں حامیوں کے ساتھ کانگریس میں شامل
مدھیہ پردیش کے گوالیر-چمبل علاقہ میں منگل کے روز بی جے پی کو زبردست جھٹکا لگا۔ یہاں سے پارٹی کے سینئر لیڈر ستیش سنگھ سکروار نے سینکڑوں حامیوں کے ساتھ کانگریس کی رکنیت اختیار کر لی۔
مدھیہ پردیش میں ضمنی انتخاب کو لے کر سرگرمیاں بڑھنی شروع ہو گئی ہیں۔ اس درمیان گوالیر-چمبل علاقے میں منگل کے روز بی جے پی کو زبردست جھٹکا لگا ہے۔ یہاں سے پارٹی کے سینئر لیڈر اور گزشتہ مرتبہ اسمبلی انتخاب لڑنے والے ستیش سنگھ سکروار نے اپنے سینکڑوں حامیوں کے ساتھ کانگریس میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے ریاستی صدر کمل ناتھ کی موجودگی میں منگل کے روز سکروار نے گوالیر سے اپنے سینکڑوں حامیوں کے ساتھ بھوپال پہنچ کر کانگریس کی رکنیت اختیار کی۔ اس موقع پر پارٹی انچارج چندر پربھاش شیکھر، سابق وزیر اعلیٰ رام نواس راؤت سمیت کئی بڑے لیڈران موجود رہے۔
غور طلب ہے کہ سکروار نے گزشتہ اسمبلی انتخاب گوالیر کے مشرقی علاقہ سے بی جے پی کے امیدوار کے طور پر لڑا تھا اور انھیں کانگریس کے امیدوار منا لال گویل نے شکست دے دی تھی۔ گویل نے سابق مرکزی وزیر جیوترادتیہ سندھیا کے ساتھ کانگریس چھوڑ کر بی جے پی کا دامن تھاما تھا اور اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ گویل کو بی جے پی آئندہ ضمنی انتخاب میں امیدوار بنانے والی ہے۔ سکروار کے کانگریس کا دامن تھامنے سے اس بات کی خبر گرم ہے کہ کانگریس سکروار کو گوالیر مشرق سے امیدوار بنا سکتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔