شیوپال یادو نے مودی-یوگی سمیت 3 بی جے پی لیڈروں کو ٹوئٹر پر کیا ’فالو‘، سیاسی ہلچل تیز

پرگتی شیل سماجوادی پارٹی کے چیف اور جسونت نگر سیٹ سے رکن اسمبلی شیوپال یادو سوشل میڈیا کے سب سے مضبوط پلیٹ فارم ٹوئٹر پر صرف 12 لوگوں کو فالو کرتے ہیں۔

شیوپال یادو، تصویر آئی اے این ایس
شیوپال یادو، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

اتر پردیش میں اسمبلی انتخاب کے نتائج برآمد ہونے کے بعد بھی کئی طرح کی سیاسی ہلچل دیکھنے کو مل رہی ہے۔ گزشتہ دنوں شیوپال یادو نے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات کی تھی جس نے سیاسی گلیاروں میں ایک ہنگامہ برپا کر دیا۔ اب تازہ خبر یہ سامنے آئی ہے کہ شیوپال یادو نے وزیر اعلیٰ یوگی اور وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ساتھ سابق نائب وزیر اعلیٰ دنیش شرما کو سوشل نیٹورکنگ سائٹ ٹوئٹر پر ’فالو‘ کیا ہے۔ اس قدم نے ظاہر کر دیا ہے کہ بی جے پی کے تئیں شیوپال یادو کا جھکاؤ بڑھ رہا ہے۔

واضح رہے کہ پرگتی شیل سماجوادی پارٹی کے چیف اور جسونت نگر سیٹ سے رکن اسمبلی شیوپال یادو سوشل میڈیا کے سب سے مضبوط پلیٹ فارم ٹوئٹر پر صرف 12 لوگوں کو فالو کرتے ہیں۔ اس سے پہلے شیوپال یادو سماجوادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو، کانگریس لیڈر راہل گاندھی، اپنے بیٹے و پی سی ایف چیئرمین آدتیہ یادو، دلائی لامہ، صدر جمہوریہ، پرگتی شیل سماجوادی پارٹی، ٹوئٹر ویریفائیڈ، پی ایم او انڈیا اور وزیر اعلیٰ دفتر یوپی کو ٹوئٹر پر فالو کرتے تھے۔ حالانکہ شیوپال یادو کو ٹوئٹر پر فالو کرنے والوں کی فہرست بہت طویل ہے۔ انھیں تقریباً 9 لاکھ لوگ فالو کرتے ہیں۔


دراصل 2022 اسمبلی انتخاب کے نتائج برآمد ہونے کے بعد سے ہی شیوپال یادو اپنے بھتیجے اکھلیش یادو سے ناراض چل رہے ہیں۔ حال ہی میں سماجوادی پارٹی اراکین اسمبلی کی میٹنگ میں نہ بلائے جانے سے شیوپال کافی مایوس ہوئے۔ اسی ناراضگی کی وجہ سے حال ہی میں لکھنؤ واقع سماجوادی پارٹی دفتر میں ہوئی اتحادی پارٹیوں کے لیڈروں کے ساتھ میٹنگ میں شیوپال یادو شامل نہیں ہوئے۔ جب کہ شیوپال یادو سمیت سبھی سماجوادی پارٹی اتحادیوں کے لیڈروں کو باقاعدہ خط جاری کر بلایا گیا تھا۔

شیوپال یادو کی اس ناراضگی کو دیکھ کر سیاسی گلیاروں میں قیاس آرائیوں کا دور شروع ہو گیا ہے۔ خبریں ایسی بھی آ رہی ہیں کہ شیوپال یادو جلد ہی بی جے پی میں شامل ہو سکتے ہیں۔ شیوپال کے علاوہ ان کے بیٹے آدتیہ بھی بی جے پی کا دامن تھام سکتے ہیں۔ گزشتہ بدھ کو تقریباً 25 منٹ تک وزیر اعلیٰ رہائش پر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات کے بعد ایسی باتوں کو طاقت ملی ہے۔ حالانکہ وزیر اعلیٰ یوگی سے شیوپال یادو کی ملاقات کو شیوپال خیمہ صرف اخلاقی ملاقات قرار دے رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔