گرمی نے توڑا 121 سالہ ریکارڈ، محکمہ موسمیات کا لو چلنے کے تعلق سے الرٹ جاری
محکمہ موسمیات کے مطابق ہندوستان میں اس سال مارچ مہینے میں 1901 کے بعد اوسط درجہ حرارت سب سے زیادہ ہے۔ مارچ 2022 میں ملک بھر کا مارچ مہینے کا اوسط درجہ حرارت 33.01 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔
نئی دہلی: ملک بھر میں مارچ کے مہینے سے ہی گرمی کی شدت محسوس کی جا رہی ہے اور راجستھان، گجرات، مدھیہ پردیش سمیت کئی ریاستوں میں چل رہی ہے۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں درجہ حرارت کے اضافہ نے 121 سالہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہندوستان نے 121 سالوں میں پہلی بار مارچ مہینے میں سب سے گرم اوسط درجہ حرارت درج کیا ہے۔ اس دوران ملک بھر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 1.86 ڈگری سیلسیس زیادہ درج کیا گیا۔ یہ ریکارڈ شمال مشرق اور وسطی ہندوستان میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے فرق پر مبنی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہندوستان میں اس سال مارچ مہینے میں 1901 کے بعد اوسط درجہ حرارت سب سے زیادہ ہے۔ مارچ 2022 میں ملک بھر کا مارچ مہینے کا اوسط درجہ حرارت 33.01 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ جبکہ اس سے پہلے مارچ 2010 میں اوسط درجہ حرارت 33.09 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا تھا۔دریں اثنا، محکمہ موسمیات نے اطلاع دی ہے کہ شمالی اور وسطی ہندوستان میں فی الحال لو اور گرمی سے راحت نہیں ملے گی۔ محکمہ کے مطابق پورا اپریل مہینہ خشک رہنے کا خدشہ ہے۔ قومی راجدھانی دہلی، پنجاب، ہریانہ، راجستھان، مدھیہ پردیش اور ملحقہ علاقوں میں اپریل کے پہلے ہفتہ میں لو کی صورت حال برقرار رہے گی۔
قومی راجدھانی دہلی میں 4 سے 8 اپریل کے درمیان درجہ حرارت 40 سے 41 ڈگری سیلسیس تک پہنچے کا امکان ہے۔ نیز گرم ہوائیں یعنی لو بھی لوگوں کو پریشان کرے گی۔ خیال رہے کہ آئی ایم ڈی نے اس سال ملک بھر میں معمول سے کم بارش ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اپریل کے مہینے میں شمالی مشرقی ہندوستان کے کچھ علاقے معمول سے زیادہ گرم رہ سکتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔