تیج پرتاپ یادو کی آر جے ڈی سے چھٹی، شیوانند تیواری کے بیان سے سیاسی ہلچل تیز
بہار کی سیاست سے ایک بڑی خبر سامنے آ رہی ہے، راشٹریہ جنتا دل کے قومی نائب صدر شیوانند تیواری نے کہا ہے کہ لالو یادو کے بڑے بیٹے تیج پرتاپ یادو پارٹی سے باہر ہو گئے ہیں۔
بہار کی سیاست میں ایک بڑی اتھل پتھل کی خبر ہے۔ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے قومی نائب صدر شیوانند تیواری نے کہا ہے کہ لالو یادو کے بڑے بیٹے تیج پرتاپ یادو پارٹی سے باہر ہو گئے ہیں۔ حاجی پور کے آر جے ڈی دفتر میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران ایک سوال کے جواب میں شیوانند تیواری نے کہا کہ تیج پرتاپ پارٹی میں نہیں ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’انھوں نے تو ایک نئی پارٹی کھڑی کر لی ہے۔‘‘ شیوانند تیواری کا کہنا ہے کہ تیج پرتاپ یادو خود آر جے ڈی سے آؤٹ ہو چکے ہیں۔ تیجسوی کے قریبی مانے جانے والے شیوانند تیواری کا کہنا ہے کہ تیج پرتاپ کو لالٹین کا استعمال کرنے سے بھی آر جے ڈی قیادت نے منع کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ تیج پرتاپ یادو اپنے بیانات سے پارٹی کو مشکل میں ڈالتے رہے ہیں۔ پہلے آر جے ڈی کے ریاستی صدر جگدانند سنگھ ان سے خفا چل رہے تھے اور پھر خبر آئی کہ پارٹی کے کئی بڑے لیڈران ان سے ناراض ہیں۔ اسی درمیان تیج پرتاپ نے چھاتر جن شکتی پریشد نام کی ایک تنظیم بھی بنائی۔ اس تنظیم کے ذریعہ سے وہ اپنی سیاست کر رہے ہیں۔ وہ آر جے ڈی کی میٹنگ سے بھی دوری بنائے ہوئے ہیں۔ منگل کو آر جے ڈی کے ٹریننگ کیمپ کے دوران بھی لالو یادو نے تیج پرتاپ کو لے کر کوئی بات نہیں کی تھی۔
غور طلب ہے کہ آر جے ڈی کے پہلے ٹریننگ کیمپ کے دوران لالو پرساد یادو نے بہار کے اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو کی تو تعریف کی تھی، لیکن تیج پرتاپ کو لے کر ایک لفظ تک نہیں کہا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ تیجسوی کی قیادت میں آر جے ڈی کا اثر بہار میں بڑھا ہے۔ آر جے ڈی میں تیجسوی کے بڑھتے قد کو دیکھتے ہوئے تیج پرتاپ بھی حیران ہیں۔ انھوں نے کئی بار بھائی تیجسوی یادو اور آر جے ڈی کے بڑے لیڈران پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ انھوں نے ایک بار یہ بھی کہا تھا کہ لالو یادو کو دہلی میں یرغمال بنا کر رکھا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 06 Oct 2021, 9:11 PM