راجوری میں ایل او سی پر گولہ باری، کسی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کئی گولے بابا کھوری علاقے کی متصل بستوں میں بھی جا گرے جس سے علاقے میں خوف ودہشت پھیل گیا۔ گولہ باری کا سلسلہ دو سے تین گھنٹوں تک جاری رہا تاہم کسی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سری نگر: جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر منگل کی صبح ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہوا تاہم فی الوقت کسی بھی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع راجوری کے نوشہرہ سیکٹر کے بابا کھوری علاقے میں ایل او سی پر منگل کی صبح پاکستانی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گولہ باری شروع کر دی۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کئی گولے بابا کھوری علاقے کی متصل بستوں میں بھی جا گرے جس سے علاقے میں خوف ودہشت پھیل گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گولہ باری کا سلسلہ دو سے تین گھنٹوں تک جاری رہا تاہم فی الوقت کسی بھی جانب کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔


قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سال 2003 میں جنگ بندی معاہدہ طے پانے کے باوجود بھی جموں و کشمیر کے سرحدوں پر طرفین کے درمیان ایک دوسرے کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری ہے۔ جموں و کشمیر کی سرحدوں پر طرفین کے درمیان گزشتہ تین برسوں کے دوران زائد از ساڑھے آٹھ ہزار بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔

وزارت امور داخلہ نے جموں کے ایک کارکن کی طرف سے دائر ایک آر ٹی آئی کے جواب میں انکشاف کیا ہے کہ یکم جنوری 2018 سے سال رواں کے ماہ جولائی تک جموں و کشمیر میں سرحدوں پر پاکستان نے 8 ہزار 5 سو 71 بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔