پونچھ میں ایل او سی پر گولہ باری، ایک سویلین اور کئی مویشی زخمی

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ تین گھنٹوں کے ٹھہراؤ کے بعد پاکستانی فوج نے قریب تین بجے ایک بار پھر فائرنگ اور مارٹر شیلنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں ایک سویلین اور کئی مویشی زخمی ہوgئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

جموں: جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے مینڈھر اور بالاکوٹ سیکٹروں میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات کے دوران ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے مابین گولہ باری کا شدید تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں سرحد کے اس پار ایک سویلین اور کئی مویشی زخمی ہونے کے علاوہ کچھ رہائشی ڈھانچوں کو نقصان بھی پہنچا ہے۔ زخمی سویلین کی شناخت گولاڈ ناونی پونچھ کے رہنے والے محمد یاسر ولد محمد رشید کے طور پر ہوئی ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پونچھ میں ایل او سی کے مینڈھر اور بالاکوٹ سیکٹروں پر پاکستانی فوج کی طرف سے گزشتہ رات قریب گیارہ بجے فائرنگ کی گئی جس کا ہندوستانی فوج نے موثر اور منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ تین گھنٹوں کے ٹھہراؤ کے بعد پاکستانی فوج نے قریب تین بجے ایک بار پھر فائرنگ اور مارٹر شیلنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں ایک سویلین اور کئی مویشی زخمی ہوئے نیز کچھ رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا۔


ذرائع نے بتایا کہ گولہ باری کے تبادلے کے دوران زخمی ہونے والے محمد یاسین کو علاج کے لئے سب ضلع اسپتال مینڈھر میں داخل کرایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یاسین کی ایک ٹانگ میں مارٹر گولوں کے آہنی ریزے لگے ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق پاکستانی فوج کی جانب سے پھینکا جانے والا ایک مارٹر شیل بجلی کی ترسیلی لائن کو لگا ہے جس کے نتیجے میں ناونی گولاڈ کی بجلی سپلائی منقطع ہوگئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ کورونا قہر سے دنیا میں ہو رہی تباہی کے باوجود بھی طرفین کے درمیان سرحدوں پر گولہ باری اور فائرنگ کا سلسلہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے جس کی وجہ سے آر پار کی سرحدی بستیوں کے لوگوں کا جینا مزید دوبھر ہوگیا ہے۔ طرفین کے درمیان سال 2003 میں ایک جنگ بندی معاہدہ بھی طے پایا تھا لیکن وہ بھی باقی ماندہ معاہدوں اور سمجھوتوں کی طرح کاغذوں کی زینت بن کے ہی رہ گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔