برج بھوشن سنگھ کے خلاف جنسی استحصال کا کیس اب ایم پی-ایم ایل اے کورٹ میں چلے گا، سماعت 27 جون کو

کناٹ پلیس پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر میں 6 پہلوانوں کے ذریعہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ برج بھوشن سنگھ نے مبینہ طور پر ایک اتھلیٹ کو سپلیمنٹری غذا دینے کی پیشکش کی۔

برج بھوشن سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
برج بھوشن سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

دہلی کے راؤز ایونیو کورٹ کے چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ نے جمعرات کو ہندوستانی کشتی فیڈریشن (ڈبلیو ایف آئی) کے سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف مبینہ جنسی استحصال کے معاملے کو ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ (اے سی ایم ایم) ہرجیت سنگھ جسپال کی عدالت میں منتقل کر دیا جہاں اراکین پارلیمنٹ اور اراکین اسمبلی کے معاملوں کی سماعت ہوتی ہے۔

ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت میں معاملہ اب 27 جون کے لیے فہرست بند کیا گیا ہے۔ گزشتہ ہفتے دہلی پولیس نے کشتی فیڈریشن کے چیف برج بھوشن اور سابق اسسٹنٹ سکریٹری ونود تومر کے خلاف 1000 صفحات سے زیادہ کی اپنی چارج شیٹ عدالت میں داخل کی تھی۔


دہلی پولیس نے ملزم برج بھوشن کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 354، 354 اے، 354 ڈی کے تحت جرم اور تومر کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 109، 354، 354 اے، 506 کے تحت جرم کے لیے سی ایم ایم مہیما رائے کے سامنے فرد جرم داخل کیا تھا، جنھوں نے معاملے کو اب دوسری عدالت میں منتقل کر دیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ چارج شیٹ میں تقریباً 200 گواہوں کے بیانات ہیں۔ کناٹ پلیس پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی ایف آئی آر میں چھ پہلوانوں کے ذریعہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ برج بھوشن سنگھ نے مبینہ طور پر ایک اتھلیٹ کو سپلیمنٹری غذا دینے کی پیشکش کی۔ ایک دیگر پہلوان کو گلے لگا کر جنسی عمل کے لیے مجبور کرنے کی کوشش کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔