علیحدگی پسند کشمیری لیڈر یاسین ملک دہشت گردی فنڈنگ کیس میں مجرم قرار، سزا کا تعین 25 مئی کو ہوگا

جج پروین سنگھ نے یاسین ملک کے خلاف عائد جرائم پر دلائل سننے کے لیے 25 مئی کی تاریخ مقرر کی ہے۔ یاسین ملک کو جن دفعات میں مجرم قرار دیا گیا ہے ان میں زیادہ سے زیادہ عمرقید کی سزا ہوسکتی ہے۔

علیحدی پسند کشمیری لیڈر یاسین ملک / آئی اے این ایس
علیحدی پسند کشمیری لیڈر یاسین ملک / آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کشمیر کے علیحدگی پسند لیڈر یاسین ملک کو دہشت گردی فنڈنگ معاملہ میں این آئی اے (قومی سلامتی ایجنسی) کی عدالت نے مجرم قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یاسین ملک اس معاملہ میں پہلے ہی جرم کا اعتراف کر چکے ہیں۔ این آئی اے کی عدالت اب یاسین ملک کی سزا پر 25 مئی کو سماعت کرے گی۔

یاسین ملک نے مقدمہ کے دوران ان کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل کو خدمات سے فارغ کر دیا تھا اور گزشتہ سماعت کے دوان انہوں نے اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کا اعتراف کر لیا تھا۔ دریں اثنا، سماعت سے قبل پولیس نے علاقے کو اپنے حصار میں لے لیا۔ سیکورٹی کے انتظامات سخت کرتے ہوئے میڈیا اہلکار کو بھی سماعت کے دوران عدالت کے باہر انتظار کرنے کو کہا گیا۔ خیال رہے کہ یاسین ملک پر مجرمانہ سازش، ملک کے خلاف جنگ چھیڑنے، دیگر غیر قانونی سرگرمیوں اور کشمیر میں بدامنی پھیلانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔


گزشتہ سماعت کے دوران یاسین ملک نے عدالت کو بتایا کہ وہ دفعہ 16 (دہشت گردی قانون)، 17 (دہشت گردانہ کارروائی کے لیے فنڈز اکٹھا کرنا)، 18 (دہشت گردانہ کارروائیوں کی سازش)، یو اے پی اے کی دفعہ 20 (دہشت گرد گروہ یا تنظیم کا رکن ہونا)، اور تعزیرات ہند کی دفعہ 120 بی (مجرمانہ سازش) اور 124 اے (غداری) سمیت اپنے خلاف عائد کئے گئے تمام الزمات میں صفائی پیش نہیں کریں گے۔

معاملہ کی سماعت کرنے والے خصوصی جج پروین سنگھ نے یاسین ملک کے خلاف عائد جرائم پر سزا کے تعین سے متعلق دلائل سننے کے لیے 25 مئی کی تاریخ مقرر کی ہے۔ یاسین ملک کو جن دفعات میں مجرم قرار دیا گیا ہے ان میں زیادہ سے زیادہ عمر قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔