وادی کشمیر کے سینئر صحافی غلام نبی شیدا انتقال کر گئے
مرحوم صحافی کو منگل کے روز ہی اپنے آبائی وطن جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے گوری پورہ گاؤں کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔
سری نگر: وادی کشمیر کے سینئر صحافی اور اردو روزنامہ ’وادی کی آواز‘ کے مالک و مدیر غلام نبی شیدا طویل علالت کے بعد منگل کی علی الصبح انتقال کر گئے۔ وہ 70 برس کے تھے۔ ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ سینئر صحافی غلام نبی شیدا منگل کی علی الصبح سری نگر میں واقع اپنی رہائش گاہ پر ہی داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔
انہوں نے بتایا کہ شیدا کافی عرصہ سے صاحب فراش تھے۔ ان کے پسماندگان میں صرف ایک بیٹی ہے جبکہ ان کی اہلیہ سال 2015 میں راہی ملک عدم ہوچکی ہیں۔ مرحوم صحافی کو منگل کے روز ہی اپنے آبائی وطن جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے گوری پورہ گاؤں کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ ان کی نماز جنازہ میں لوگوں کی کافی بڑی تعداد جن میں سماج کے مختلف طبقوں بالخصوص صحافتی برادری کے نامور لوگ شامل تھے، نے شرکت کی۔
دریں اثنا غلام نبی شیدا کے انتقال پر صحافتی برادری کے علاوہ کئی سماجی و سیاسی جماعتوں نے دکھ کا اظہار کرکے انہیں ایک بے باک و کہنہ مشق صحافی قرار دیا ہے۔ کشمیر ایڈیٹرس گلڈ نے موصوف سینئرصحافی کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’شیدا صاحب ایک ایماندار صحافی تھے اور ہمیشہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں غیر جانبدار رہا کرتے تھے۔ وہ کشمیر میں میڈیا اداروں کے استحکام کے لئے پوری زندگی کوشاں رہے‘۔
کشمیر گلڈ نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ ’شیدا صاحب کو اپنے کام اور منکسرالمزاجی کے لئے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وہ ایک پیشہ ور اور محنتی صحافی تھے۔ کشمیر ایڈیٹرس گلڈ مصیبت کی اس گھڑی میں مرحوم ایڈیٹر کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑا ہے‘۔
وادی کشمیر کے سینئر صحافی یوسف جمیل نے غلام نبی شیدا کے انتقال پر اظہار دکھ کرتے ہوئے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’افسوس ناک خبر، ہمارے ایک سینئر ساتھی غلام نبی شیدا (اردو روز نامہ ’وادی کی آواز‘ کے مدیر و مالک) دوران شب سری نگر میں واقع اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئے۔ انہیں، وصیت کے مطابق ضلع پلوامہ کے گوری پورہ گاؤں میں اپنے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا‘۔
پی ڈی پی نے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر ایک ٹوئٹ میں شیدا کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ’کشمیر کے کہنہ مشق صحافی غلام نبی شیدا کے انتقال پر پارٹی گہرے دکھ کا اظہار کرتی ہے۔ وہ ایک پیشہ ور اور بے باک صحافی تھے جن کے کام کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اللہ مرحوم کو جنت نصیب کرے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ بخشے‘۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔