کانگریس کے قدآور لیڈر چودھری متین احمد سیلاب متاثرین کی خدمات میں مصروف
چودھری متین احمد نے کہا کہ کانگریس پارٹی اس ملک کی سب سے پرانی پارٹی ہے جو صرف اور صرف ملک کے عوام کے مفاد میں سوچتی ہے۔
نئی دہلی: جب سے ملک کی راجدھانی دہلی سیلاب کی زد میں آئی ہے تب سے بابرپور ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری زبیر احمد اپنے ضلع کے تمام بلاک صدور، ضلع کے عہدیداروں کے ساتھ سیلاب سے متاثرہ لوگوں سے مسلسل ملاقات کر رہے ہیں اور ان کا احوال جان رہے ہیں، ان کی ہر ممکن مدد کر رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ بابرپور ضلع کانگریس کمیٹی نے 16 جولائی سے عثمان پور میں سیلاب متاثرہ لوگوں کے لیے راحت کیمپ کا انعقاد کیا تھا جس میں ہر روز دوپہر 12 بجے اور شام 6 بجے سیلاب متاثرین کو کھانا تقسیم کرنے کا کام کیا جا رہا ہے۔ آج مسلسل پانچویں دن سیلم پور اسمبلی حلقہ سے پانچ بار رکن اسمبلی رہے چودھری متین احمد نے کیمپ پہنچ کر ضرورت مندوں کے درمیان کھانا تقسیم کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی اس ملک کی سب سے پرانی پارٹی ہے، جو صرف اور صرف ملک کے عوام کے مفاد میں سوچتی ہے۔
چودھری متین نے دہلی کے موجودہ حالات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی دہلی میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوئی، دہلی کانگریس کے لیڈران و کارکنوں نے سیلاب زدگان کو راحت پہنچانے کا کام شروع کر دیا۔ عثمان پور پستہ پر قائم کردہ کانگریس کی رسوئی کے ذریعے دن میں دو وقت کا کھانا مسلسل تقسیم کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ سیلاب زدگان کو ادویات، خشک راشن اور دیگر امداد بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس پارٹی کے لوگوں نے ہمیشہ ملک کے عوام کی خدمت کی ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔
اس موقع پر بابرپور ضلع کانگریس کمیٹی صدر چودھری زبیر احمد نے کہا کہ دہلی میں آنے والے سیلاب نے دونوں حکومتوں کے کھوکھلے دعووں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔ اگر موجودہ حکومتیں واقعی کام کرتیں تو آج لوگوں کو بھاری نقصان نہیں اٹھانا پڑتا۔ سیلاب سے متاثر لوگ سڑکوں پر ہیں اور کانگریس کا ایک ایک سپاہی ان لوگوں کی مدد کے لیے دن رات خدمت کر رہا ہے۔ بابرپور ضلع کانگریس کا سب سے مضبوط ضلع ہے اور اس کے عہدیداروں نے سیلاب متاثرین کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔
دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے ڈیلی گیٹ سید ناصر جاوید کا کہنا ہے کہ آج دہلی کے عوام سابق وزیر اعلیٰ شیلا دیکشٹ کو یاد کرتے ہیں، کیونکہ جس دہلی شہر کو انہوں نے صاف ستھرا اور خوبصورت بنایا تھا، آج اس کی سڑکیں بارش کے بعد تالاب بن جاتی ہیں اور لوگوں کی زندگی رک جاتی ہے۔ کیمپ کے تعلق سے ناصر جاوید نے کہا کہ عثمان پور کیمپ سے سیلاب متاثرین کو جو مدد ملی ہے وہ کانگریس پارٹی اور بابرپور ضلع کانگریس کمیٹی کے تمام عہدیداروں کی محنت کا نتیجہ ہے۔ کانگریس کی یہ روایت رہی ہے کہ جب بھی ملک کے عوام پر کوئی بحران آتا ہے تو کانگریس پارٹی کے قائدین نے سب سے پہلے مورچہ سنبھالا ہے۔
آج کیمپ کے اختتام پر ضلع بابرپور کے تمام عہدیداران اور کارکنان موجود تھے۔ ان میں سید ناصر جاوید، خالد خان، انتظار خان، ریاض الدین راجو، ونود شرما، جرار احمد، نول سنگھ یادو، شفیق خان مینو، راجندر پردھان، وجے پاٹھک، نوشاد عالم، ضمیر احمد، رئیس سلمانی، نواب الدین، اشتیاق شیخ، ریاض احمد، یوسف صدیقی، شیام بابو شرما، کشن پال، مہندر سنگھ ٹھاکر، نوید پپو، بٹو بھائی، ندیم راعین کے نام قابل ذکر ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔