یومِ آزادی کے مدنظر سیکورٹی سخت، پولیس نے چپکائی 6 موسٹ وانٹیڈ دہشت گردوں کی تصویر

دہلی پولیس نے موسٹ وانٹیڈ دہشت گردوں کی تصویر پر مبنی پوسٹر چسپاں کرنے کے ساتھ یہ اپیل بھی کی ہے کہ اگر کوئی بھی شخص ملک میں ان دہشت گردوں کو دیکھتا ہے تو فوراً پولیس کو مطلع کرے۔

تصویر سوشل  میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

یوم آزادی کے پیش نظر دہلی سے لے کر کشمیر تک سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ دہلی میں لال قلعہ کے آس پاس کثیر تعداد میں سیکورٹی فورسز کو تعینات کر دیا گیا ہے اور سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ دہلی پولیس نے لال قلعہ کے آس پاس موسٹ وانٹیڈ دہشت گردوں کی تصویر پر مبنی پوسٹر چپکا دیئے ہیں۔ اس پوسٹر میں چھ دہشت گردوں کی تصویر لگی ہوئی ہے۔ پوسٹر میں شامل کی گئیں دہشت گردوں کی تصویر کے ساتھ ساتھ ان کا نام اور پتہ بھی درج کیا گیا ہے۔

دہلی پولیس نے موسٹ وانٹیڈ دہشت گردوں کی تصویر پر مبنی پوسٹر چسپاں کرنے کے ساتھ یہ اپیل بھی کی ہے کہ اگر کوئی بھی شخص ملک میں ان دہشت گردوں کو دیکھتا ہے تو فوراً پولیس کو مطلع کرے۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ سبھی چھ دہشت گرد القاعدہ سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کا مقصد ہندوستان میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کو انجام دینا ہے۔ یوم آزادی کے موقع پر یہ سبھی دہشت گرد نہ صرف دہلی بلکہ پورے ملک میں دہشت گردانہ حملہ کر کے بدامنی پھیلانا چاہتے ہیں۔ ان کا مقصد ماحول کو خراب کرنا اور لوگوں میں ڈر کا ماحول پیدا کرنا ہے۔


دراصل خفیہ ایجنسیوں کو ایسی جانکاری ملی ہے کہ کسان تحریک کی آڑ میں کچھ شرپسند راجدھانی میں 26 جنوری جیسی حرکت کو انجام دینے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ دہشت گرد تنظیم ڈرون کا استعمال بھی کر سکتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ دہلی پولیس کمشنر نے پہلے ہی ڈرون اڑانے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔