جانسن اینڈ جانسن کی سنگل ڈوز ویکسین کو ہندوستان میں ایمرجنسی استعمال کے لئے منظوری
جانسن اینڈ جانسن کی اس ویکسین سمیت ہندوستان میں کورونا کی پانچ ویکسینز کو ہنگامی طور پر استعمال کرنے کی منظوری فراہم کر دی گئی ہے۔
نئی دہلی: امریکی کمپنی جانسن اینڈ جانسن کی سنگل ڈوز کورونا ویکسین کو ہندوستان میں ہنگامی طور پر استعمال کرنے کی منظوری حاصل ہو گئی ہے۔ وزیر صحت منسکھ منڈاویا کی جانب سے ہفتہ کے روز ٹوئٹ کر کے یہ اطلاع فراہم کی گئی۔
جانسن اینڈ جانسن کی اس ویکسین سمیت ہندوستان میں کورونا کی پانچ ویکسینز کو ہنگامی طور پر استعمال کرنے کی منظوری فراہم کر دی گئی ہے۔ سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کی کوی شیلڈ، بھارت بائیو ٹیک کی کوویکسین کے علاوہ روس کی ویکسین اسپوتنک وی کو بھی ایمرجنسی استعمال کے لئے منظوری دی جا چکی ہے۔
وزیر صحت منسکھ منڈاویا نے ٹوئٹ کیا، عالمی طبی خدمات کے سربراہ جانسن اینڈ جانسن کی سنگل خوراک کووڈ 19 ویکسین کو ہندوستان میں ہنگامی طور پر استعمال کرنے کی مظوری فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے ہفتہ کے روز ٹوئٹ کیا، ’’ہندوستان نے اپنی ویکسین باسکیٹ کی توسیع کر دی! جانسن اینڈ جانسن کی سنگل ڈوز خوراک کو ہندوستان میں ہنگامی طور پر استعمال کی اجازت فراہم کر دی گئی ہے۔ ہندوستان کے پاس اب کورونا کے 5 ٹیکے ہو گئے ہیں۔ اس سے ہمارے ملک کو مشترکہ جنگ میں مدد حاصل ہوگی۔‘‘
سنگل ڈوز ویکسین کو منظوری فراہم کئے جانے کے بعد جانسن اینڈ جانسن انڈیا کے سربراہ نے کہا، ’’ہمیں خوشی ہے کہ 7 اگست 2021 کو حکومت ہند نے 18 سال اور اس سے زیادہ عمر کے لوگوں کو لگائی جانے والی جانسن اینڈ جانسن کی کووڈ-19 سنگل ڈوز ویکسین کو ایمرجنسی طور پر استعمال کرنے کی منظوری فراہم کر دی ہے۔‘‘ خیال رہے کہ ایمرجنسی یوز اتھارٹی (ای یو اے) میں درخواست کرنے کے دو روز بعد ہی جانسن اینڈ جانسن کے ٹیکے کو منظوری فراہم کر دی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔