مصر میں کورونا سے متاثرہ امام کے پیچھے نماز پڑھنے والے 20 افراد کی تلاش

مصر کے صوبے بورسعید کے گورنر عادل الغضبان نے جمعے کی شام انکشاف کیا ہے کہ “مريم القطريہ” مسجد کے امام نے 20 افراد کی امامت کرتے ہوئے نماز پڑھائی جب کہ وہ خود کورونا وائرس سے متاثر تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

قاہرہ: مصر میں حکام کی جانب سے مسلسل متنبہ کیا جا رہا ہے کہ کورونا وائرس کی منتقلی روکنے کے لیے وزارت صحت کی ہدایات پر سختی سے کاربند رہا جائے۔ تاہم بعض علاقوں میں اب بھی مختلف وجوہات کی بنیاد پر مجمع اکٹھا ہو رہا ہے۔ اس میں با جماعت نماز اور افطار وغیرہ شامل ہے۔

مصر کے صوبے بورسعید کے گورنر عادل الغضبان نے جمعے کی شام انکشاف کیا ہے کہ "مريم القطريہ" مسجد کے امام نے 20 افراد کی امامت کرتے ہوئے نماز پڑھائی جب کہ وہ خود کورونا وائرس سے متاثر تھے۔ اس کے نتیجے میں امام کے پورے گھرانے میں یہ وبائی مرض منتقل ہو گیا۔ اب ہیلتھ ڈائریکٹریٹ کا متعلقہ شعبہ ان افراد کو تلاش کر رہا ہے جنہوں نے مذکورہ شخص کی امامت میں نماز پڑھی تھی۔


یاد رہے کہ جامعہ الازہر نے چند روز قبل اعلان کیا تھا کہ مسجدِ الازہر سے تراویح اور تہجد کی نمازوں کو براہ راست نشر کیا جائے گا۔ یہ سلسلہ ماہ رمضان کے اختتام تک جاری رہے گا۔ ساتھ یہ بھی بتایا گیا کہ نماز میں صرف مسجد کے آئمہ اور وہاں کام کرنے والے افراد موجود ہوں گے۔ اس دوران متعدی وائرس سے بچاؤ کے لیے تمام تر مطلوبہ احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر کا پورا خیال رکھا جائے گا۔

الازہر کی جانب سے پہلے ہی یہ واضح کیا جا چکا ہے کہ لوگوں کو (کورونا وائرس کی) وبا سے بچانے کے لیے نماز جمعہ اور با جماعت نمازوں کا سلسلہ موقوف کرنا جائز ہے۔ مصر میں جمعے کے روز کورونا کے مزید 399 کیسوں اور 21 اموات کا اندراج کیا گیا۔ اس طرح ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 11228 ہو گئی ہے۔ ان میں اب تک 592 مریض فوت ہو چکے ہیں۔

(العربیہ ڈاٹ نیٹ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 May 2020, 6:40 PM