ایس ڈی ایم نے اتر پردیش کی گورنر آنندی بین کو بھیجا سمن، گورنر سکریٹریٹ حیران!

زمین کے معاوضہ سے متعلق ایک معاملے میں شکایت درج کرائی گئی تھی، مدعی نے اس مقدمے میں پی ڈبلیو ڈی افسر اور ریاست کی گورنر آنندی بین پٹیل کو اپنا فریق کار بنایا تھا۔

 آنندی بین پٹیل، تصویر آئی اے این ایس
آنندی بین پٹیل، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کے بدایوں میں ایک سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) نے ایک کیس میں گورنر آنندی بین پٹیل کو سمن جاری کیا ہے۔ سمن جب گورنر سکریٹریٹ میں موصول ہوا تو سبھی حیران رہ گئے۔ اس معاملے میں گورنر سکریٹریٹ کی جانب سے جواب دیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ گورنر کو اس طرح سے سمن نہیں بھیجا جا سکتا۔ اس معاملے میں بدایوں ضلع مجسٹریٹ (ڈی ایم) کو مناسب کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے۔

موصولہ اطلاع کے مطابق یہ پورا معاملہ ایک زمین کے معاوضہ سے جڑا ہوا ہے۔ یہاں پر لوڑا بہیڑی کے چندرہاس کی طرف سے شکایت درج کرائی گئی تھی۔ مدعی نے ہی اپنے مقدمے میں پی ڈبلیو ڈی افسر اور ریاستی گورنر آنندی بین پٹیل کو اپنا فریق کار بنایا تھا۔ اس معاملے میں جب سماعت ہوئی تو فریقین کو بھی پیش ہونے کے لیے سمن جاری کیا گیا۔ اسی دوران گورنر کے نام بھی سمن جاری ہوا۔


جب ایس ڈی ایم کا سمن گورنر سکریٹریٹ پہنچا تو افرا تفری مچ گئی۔ گورنر کے اسپیشل سکریٹری بدری ناتھ سنگھ نے اس پر ایس ڈی ایم کو اعتراض درج کراتے ہوئے جواب بھیجا ہے۔ اس میں لکھا ہے کہ ایس ڈی ایم کے ذریعہ گورنر کے نام بھیجا گیا سمن آئین کے آرٹیکل 361 کی خلاف ورزی ہے اور اعتراض کے قابل ہے۔ اس جواب میں اسپیشل سکریٹری بدری سنگھ نے ڈی ایم بدایوں سے معاملے میں مناسب کارروائی کرنے کو کہا ہے، ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ مستقبل میں اس طرح کا کوئی بھی معاملہ دہرایا نہیں جانا چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔