گینگسٹر معاملے میں عدالت نے مختار انصاری کو سنائی 10 سال قید کی سزا

جمعہ کے روز غازی پور کے کرنڈا تھانہ میں درج کیس سے متعلق ایم پی-ایم ایل اے کورٹ کے جج اروند کمار مشر کی عدالت نے مختار انصاری کو 10 سال قید کی سزا سنائی۔

<div class="paragraphs"><p>مختار انصاری، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

مختار انصاری، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

غازی پور کے ایم پی-ایم ایل اے کورٹ نے آج مافیا مختار انصاری کو گینگسٹر کے ایک معاملے میں شدید جھٹکا دیا۔ عدالت نے انھیں نہ صرف 10 سال قید کی سزا سنائی ہے بلکہ 5 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ اس سے قبل بھی ایک دیگر گینگسٹر معاملے میں مختار انصاری کو 10 سال قید کی سزا سنائی جا چکی ہے۔ علاوہ ازیں کانگریس ریاستی صدر اجئے رائے کے بھائی اودھیش رائے کے قتل معاملے میں بھی مختار انصاری کو سب سے بڑی سزا عمر قید کی سنائی جا چکی ہے۔ مجموعی طور پر مختار انصاری کو اب تک 7 معاملوں میں عدالت کے ذریعہ سزا سنائی گئی ہے۔

جمعہ کے روز غازی پور کے کرنڈا تھانہ میں درج کیس میں ایم پی ایم ایل اے کورٹ کے جج اروند کمار مشر کی عدالت نے فیصلہ سنایا۔ مختار انصاری کے علاوہ سونو یادو کو بھی اس معاملے میں سزا سنائی گئی ہے۔ سونو یادو کو 5 سال قید اور 2 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا ملی ہے۔ سماعت کے دوران ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سے مختار انصاری کو باندہ جیل میں پیش کیا گیا۔ 2009 میں کرنڈا علاقہ کے سبوا باشندہ کپل دیو سنگھ کے قتل اور محمد آباد کے امیر حسن کے قتل کی کوشش کے معاملے کو بنیاد بنا کر مختار پر گینگسٹر ایکٹ کے تحت معاملہ درج کیا گیا تھا۔ ایم پی-ایم ایل اے کورٹ میں گزشتہ 17 اکتوبر کو دونوں فریقین کی بحث مکمل ہو گئی تھی۔ جمعرات کو دونوں کو قصوروار قرار دیا گیا تھا۔ اس کے بعد بی جے پی رکن اسمبلی کرشنانند رائے کے قتل کے بعد سال 2005 میں درج گینگسٹر معاملے میں اسے 29 اپریل 2023 کو ایم پی-ایم ایل اے کورٹ نے 10 سال کی سزا سنائی تھی اور 4 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔


قابل ذکر ہے کہ بین ریاستی گروہ چلانے والے مختار انصاری پر مجموعی طور پر 61 مقدمات درج ہیں۔ ان میں ڈیڑھ درجن کیس عدالت میں زیر غور ہیں۔ آج سے پہلے 6 مقدمات میں عدالت نے سزا سنا دی ہے۔ مختار انصاری گروہ کا رجسٹریشن غازی پور میں 14 اکتوبر 1997 کو ہوا تھا۔ آئی ایس (انٹر اسٹیٹ) 191 کی شکل میں گینگ درج ہوا تھا۔ تب اس کے 22 اراکین تھے۔ فی الحال اس گروہ میں 19 اراکین ہیں۔ مختار انصاری کے خلاف لکھنؤ میں 5، آگرہ میں 1، بارہ بنکی میں 2، پنجاب میں 1 اور وارانسی و دیگر اضلاع میں 52 مقدمات درج ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔