’اسکرپٹ وہی تاریخ نئی‘، کیجریوال کے ذریعہ جمنا کی صفائی کا وقت متعین کرنے پر کمار وشواس کا طنز
کیجریوال نے جمعرات کو اعلان کیا کہ ان کی حکومت 2025 تک جمنا کو صاف کر دے گی اور اس کے لیے چھ ایکشن پلان بنائے گئے ہیں اور اس پر جنگی بنیادوں پر کام کیا جا رہا ہے۔
نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلیٰ کے سابق معاون اور شاعر کمار وشواس نے اروند کیجریوال کو ایک بار پھر جمنا کی صفائی کے لیے وقت کا تعین کرنے پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ اسکرپٹ پہلے کا ہی ہے لیکن تاریخ نئی ہے۔ کیجریوال نے جمعرات کو اعلان کیا کہ ان کی حکومت 2025 تک جمنا کو صاف کر دے گی اور اس کے لیے چھ ایکشن پلان بنائے گئے ہیں اور اس پر جنگی بنیادوں پر کام کیا جا رہا ہے۔ ان کے بیان پر طنز کرتے ہوئے کمار وشواس نے ٹوئٹ کیا، ”اسکرپٹ وہی، تاریخ نئی۔“
شاعر کمار وشواس نے کیجریوال کی 2015، 2019 اور جنوری 2020 کے ویڈیوز شیئر کیے ہیں جس میں وہ سال 2025 میں جمنا کی صفائی کے دعوے کر رہے ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر آدیش گپتا نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کیجریوال کو ’اعلانی وزیر اعلیٰ‘ کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے ایک بار پھر جمنا کو صاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل 2013، 2014، 2015، 2017، 2019 اور 2020 میں بھی انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا تھا کہ جمنا صاف ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جمنا میں 80 فیصد گندگی سیدھی دہلی سے جاتی ہے۔ مرکز نے ایس ٹی پی کے لیے دہلی حکومت کو 2409 کروڑ دیئے تھے، کیجریوال، آپ واقعی دہلی کے لوگوں کے درد کو سمجھتے ہیں۔
دہلی کے وزیر اعلیٰ نے آج کہا کہ ان کی حکومت نے سال 2025 تک جمناکی صفائی کا ہدف مقرر کیا ہے اور اس سمت میں مسلسل کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمنا ندی تمام دہلی والوں کو عزیز ہے۔ جمنا ہی ہماری لائف لائن ہے لیکن یہ بہت گندی ہے۔ دہلی کی گندگی جمنا میں گرتی ہے۔ تمام دہلی والے اور ہم وطن چاہتے ہیں کہ دہلی سے گزرتے وقت جمنا صاف رہے۔ انہوں نے کہا کہ جمنا کو گندہ ہونے میں 70 سال لگے، اسے دو دن میں صاف نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جمنا کو صاف کرنے کے لئے زور و شور سے اور جنگی بنیادوں پر کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوکھلا اور رٹھالاسمیت کئی مقامات پر نئے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس بنائے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ پہلے سے بنائے گئے پلانٹس پرانے پیٹرن کے مطابق چل رہے ہیں، اس لیے ان کی ٹیکنالوجی میں تبدیلی کی جا رہی ہے تاکہ گٹر کا پانی صاف ہوکر نکلے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ نجف گڑھ ڈرین، غازی پور ڈرین کی صفائی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندگی کے معاملے پر صنعتوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ کچی آبادی کے عوامی سہولت مرکز کی گندگی بھی گٹر میں پھینکی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت تمام گھروں کو سیوریج لائن سے جوڑنے کے لیے کام کر رہی ہے اور اس کے بدلے گھر والوں سے ان کے پانی کے بل میں شامل کرکے معمولی رقم لی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔