دہلی میں ٹرکوں کا داخلہ بند ہونے سے نوئیڈا سرحد پر 5 کلومٹر لمبا جام
اطلاعات کے مطابق یہ جام دہلی-کالندی کنج روڈ پر نوئیڈا سرحد کے قریب لگا ہے۔ گاڑیوں کا جام 5 کلومیٹر سے زیادہ طویل ہو گیا ہے اور جام میں پھنسنے والی گاڑیوں کی تعداد بڑھتی ہی جا رہی ہے۔
نئی دہلی: قومی راجدھانی میں آلودگی کے شدید بحران کے دوران کئی طرح کی پابندیاں عائد کی گئی ہیں، ان میں دہلی میں بھاری گاڑیوں کے داخلہ پر پابندی بھی شامل ہیں۔ ٹرکوں کے دہلی میں داخل نہیں ہونے کی وجہ سے نوئیڈا بارڈر پر ایک نئی مشکل پیدا ہو گئی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق نوئیڈا بارڈر پر 5 کلومیٹر لمبا جام لگ گیا ہے اور اس میں سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اداکار شکتی کپور فلم کی شوٹنگ کے لئے جموں پہنچے
اطلاعات کے مطابق یہ جام دہلی-کالندی کنج روڈ پر نوئیڈا سرحد کے قریب لگا ہے۔ جام 5 کلومیٹر سے زیادہ طویل ہو گیا ہے اور جام میں پھنسنے والی گاڑیوں کی تعداد بڑھتی ہی جا رہی ہے۔ دراصل، راجدھانی دہلی میں آلودگی کی وجہ سے حالات خراب ہوتے جا رہے ہیں۔ منگل کے روز سپریم کورٹ کی ہدایت پر کمیشن فار ایئر کوالٹی مانیٹرنگ (سی اے کیو ایم) نے دہلی اور این سی آر کی ریاستوں کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں کئی پابندیاں لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس کے بعد دہلی حکومت نے 21 نومبر تک راجدھانی میں غیر ضروری سامان لے جانے والے ٹرکوں کے داخلے پر پابندی لگانے کا حکم جاری کیا تھا۔ تاہم، سبزیاں، پھل، اناج، دودھ، انڈے، برف جیسی کھانے کی اشیاء اور پیٹرولیم مصنوعات لے جانے والے ٹینکرز کو اس پابندی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔
دہلی کی ہوا کا معیار پچھلے کئی دنوں سے 'انتہائی خراب' کیٹیگری میں ہے۔ جمعرات کی صبح پانچویں دن ہوا کے معیار کا انڈیکس 'انتہائی خراب' کے طور پر ریکارڈ کیا گیا۔ سسٹم آف ایئر کوالٹی اینڈ ویدر فورکاسٹنگ اینڈ ریسرچ (سفر) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، دہلی میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) صبح 6.30 بجے کے قریب 362 ریکارڈ کیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔