الیکٹورل بانڈ کی تفصیل ایس بی آئی نے الیکشن کمیشن کے حوالے کی، 15 مارچ تک ویب سائٹ پر ہوگی شائع!

سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق الیکشن کمیشن کو 15 مارچ کی شام 5 بجے تک ایس بی آئی کے ذریعہ دی گئی جانکاری اپنی آفیشیل ویب سائٹ پر شائع کرنی ہوگی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ایس بی آئی (اسٹیٹ بینک آف انڈیا) نے سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق منگل کی شام کو انتخابی کمیشن کو الیکٹورل بانڈ کی تفصیلات سونپ دی۔ سپریم کورٹ نے پیر کے روز ایس بی آئی کو حکم دیا تھا کہ 12 مارچ کو کام کا وقت ختم ہونے تک انتخابی کمیشن کو الیکٹورل بانڈ کی تفصیل دی جائے۔ حکم کے مطابق انتخابی کمیشن کو 15 مارچ شام 5 بجے تک بینک کے ذریعہ دی گئی جانکاری اپنی آفیشیل ویب سائٹ پر شائع کرنی ہوگی۔

ذرائع کے مطابق ایس بی آئی نے عدالت عظمیٰ کے حکم پر عمل کرتے ہوئے الیکٹورل بانڈ کی تفصیل انتخابی کمیشن کو آج کام کا وقت ختم ہونے سے پہلے سونپ دی۔ ایس بی آئی نے 2018 میں اس منصوبہ کے شروع ہونے کے بعد سے 30 قسط میں 16 ہزار 518 کروڑ روپے کے الیکٹورل بانڈ جاری کیے ہیں۔ مرکزی حکومت کے اس منصوبہ کو سپریم کورٹ نے 15 فروری کے ایک تاریخی فیصلے میں ’غیر آئینی‘ قرار دیتے ہوئے رد کر دیا اور انتخابی کمیشن کو عطیہ دہندگان و عطیہ حاصل کرنے والوں کی تفصیل ظاہر کرنے کا حکم دیا۔


ایس بی آئی نے الیکٹورل بانڈ سے متعلق تفصیل پیش کرنے کے لیے 30 جون تک کا وقت مانگا تھا، لیکن عدالت عظمیٰ نے بینک کی اس عرضی کو خارج کر دیا اور اسے 12 مارچ کو مکمل تفصیل انتخابی کمیشن کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔ قابل ذکر ہے کہ سیاسی فنڈنگ میں شفافیت بڑھانے کے مقصد سے سیاسی پارٹیوں کو دیے جانے والے نقد چندہ کے متبادل کی شکل میں یہ الیکٹورل بانڈ پیش کیا گیا تھا۔ الیکٹورل بانڈ کی پہلی فروخت مارچ 2018 میں ہوئی تھی۔ الیکٹورل بانڈ سیاسی پارٹیوں کے ذریعہ اتھرائزڈ یعنی مجاز بینک اکاؤنٹس سے استعمال کیے جاتے تھے اور ایس بی آئی ان الیکٹورل بانڈس کو جاری کرنے کے لیے واحد مجاز بینک ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔