’عطر‘ کے سہارے اسمبلی الیکشن جیتنا چاہتی ہے سماجوادی پارٹی، ’سماجوادی عطر‘ لانچ
سماجوادی پارٹی نے اسمبلی الیکشن سے ٹھیک پہلے ’سماجوادی عطر‘ کے نام سے عطر کا اپنا برانڈ لانچ کیا ہے، پارٹی کا کہنا ہے کہ اس سے سماجواد کی خوشبو پھیلے گی۔
اتر پردیش میں آئندہ سال کے شروع میں اسمبلی انتخاب ہونے والے ہیں۔ اس کے تحت سبھی پارٹیاں ہر طرح سے قدم اٹھا رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں سماجوادی پارٹی نے عطر کا ایک برانڈ لانچ کیا ہے۔ اسے سماجوادی عطر کا نام دیا گیا ہے۔ اسے سماجوادی پارٹی سربراہ اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے لانچ کیا۔ اس عطر کو پارٹی کے ایم ایل سی پشپ راج نے تیار کیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’اس عطر میں کشمیر سے کنیاکماری تک سے جمع کیے گئے 22 نیچرل پرفیوم کا استعمال کیا گیا ہے۔ اس عطر کے استعمال سے سماجواد کی خوشبو محسوس کی جا سکے گی۔‘‘
سماجوادی عطر کی پیکنگ میں اکھلیش یادو کی تصویر کے ساتھ پارٹی کا ہرا-لال رنگ اور انتخابی نشان سائیکل بھی ہے، اور اس کے ڈبے پر ایس پی رکن اسمبلی نے اپنا فون نمبر بھی لکھا ہے۔ لکھنؤ میں ایک پروگرام میں اس عطر کو لانچ کرنے کے بعد اکھلیش یادو نے کہا کہ اس عطر کی خوشبو کا اثر 2022 میں دکھائی دے گا۔ انھوں نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ سال یو پی میں سماجوادی پارٹی کی حکومت بننے والی ہے۔
اس عطر کو بنانے والے قنوج سے سماجوادی پارٹی رکن اسمبلی پشپ راج جین نے بتایا کہ اسے تیار کرنے میں 4 مہینے کا وقت لگا اور اسے دو سائنسدانوں نے تیار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس کے استعمال سے لوگوں کے درمیان آپسی بھائی چارہ بڑھے گا۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ اس عطر کے بعد ایک اور نیچرل پرفیوم بنانے کی تیاری کی جا رہی ہے جسے 2024 میں لانچ کیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔