لاک ڈاؤن اور معاشی مسائل سے پریشان تھا سلمان، بند دکان کے باہر کی خودکشی

سلمان صابر سید نے خودکشی کرنے سے پہلے اپنی جیب میں پڑے ایک ویزیٹنگ کارڈ پر خودکشی نوٹ لکھ کر یہ جانکاری دی کہ وہ کورونا بحران کے سبب نافذ لاک ڈاؤن کا شکار ہوا ہے۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

تنویر

کورونا بحران میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے کئی لوگوں کا روزگار ختم ہو گیا ہے اور کئی افراد زبردست معاشی مسائل میں پھنس گئے ہیں۔ ایسے ماحول میں کئی لوگوں نے خودکشی جیسا خطرناک قدم اٹھانے سے بھی پرہیز نہیں کیا۔ کچھ ایسا ہی معاملہ آج ممبئی سے ملحق میرا روڈ واقع پوجا نگر میں پیش آیا جہاں ایک نوجوان نے معاشی تنگی سے پریشان ہو کر بند دکان کے باہر پھانسی کا پھندا لگا کر خودکشی کر لی۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق خودکشی کرنے والے شخص کا نام سلمان صابر سید ہے اور اس کی عمر 30 سال ہے۔ سلمان نے خودکشی کرنے سے پہلے اپنی جیب میں پڑے ایک ویزیٹنگ کارڈ پر خودکشی نوٹ لکھ کر یہ جانکاری دی کہ وہ کورونا بحران کے سبب نافذ لاک ڈاؤن کا شکار ہوا ہے۔ سلمان نے وزیٹنگ کارڈ پر یہ بھی لکھا کہ اس کے پاس کوئی کام نہیں تھا جس کی وجہ سے گزشتہ 5 مہینے سے اس کی معاشی حالت کافی خراب ہو گئی تھی۔


بتایا جاتا ہے کہ لاک ڈاؤن لگنے سے ٹھیک پہلے ہی نوجوان دوبئی سے میرا روڈ اپنے والدین کے پاس آیا تھا۔ کورونا بحران کے بڑھتے اثرات کی وجہ سے لاک ڈاؤن کی مدت میں بھی اضافہ ہوتا رہا جس سے سلمان کی معاشی حالت دن بہ دن خراب ہوتی گئی اور اس صورت حال سے پریشان سلمان نے رسّی سے پھانسی لگا کر اپنی زندگی ختم کر لی۔ نیا نگر پولس نے نوجوان کی لاش کو قبضے میں لے کر آگے کی جانچ شروع کر دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 17 Aug 2020, 10:40 PM