23 زبانوں کے لیے ساہتیہ اکادمی ایوارڈ 2022 کا اعلان، اردو کے لیے مشہور ادیب انیس اشفاق کا انتخاب

اردو کے لیے مشہور ناول نگار انیس اشفاق، انگریزی کے لیے انورادھا رائے اور ہندی کے لیے بدری نارائن کا انتخاب ساہتیہ اکادمی ایوارڈ 2022 کے لیے کیا گیا ہے۔

مشہور ناول نگار انیس اشفاق
مشہور ناول نگار انیس اشفاق
user

قومی آواز بیورو

2022 کے لیے ساہتیہ اکادمی ایوارڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس سال اردو زبان کے لیے مشہور ادیب پروفیسر انیس اشفاق کا انتخاب کیا گیا ہے جبکہ ہندی میں خصوصی تعاون کے لیے مشہور ہندی شاعر بدری نارائن کو ساہتیہ اکادمی ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ معروف ناول نگار پروفیسر انیس اشفاق کو ان کے ناول 'خواب سراب' کے لیے یہ پروقار ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ساہتیہ اکادمی کے سکریٹری شرینواس راؤ نے ایوارڈ کا اعلان کرتے ہوئے جانکاری دی کہ اردو، ہندی اور انگریزی سمیت مجموعی طور پر 23 زبانوں کے لیے ایوارڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان میں سات شاعری کے مجموعہ، چھ ناول، دو افسانوی مجموعہ، دو ادبی تنقید، تین ڈرامہ اور ایک خود نوشت سمیت کچھ دیگر تصنیفات شامل ہیں۔


شرینواس راؤ نے بتایا کہ سبھی ایوارڈ کے لیے شخصیات کا انتخاب متعلقہ ہندوستانی زبانوں کی جوری کمیٹیوں نے کی ہے، اور پھر اس کے بعد ساہتیہ اکادمی کے سربراہ ڈاکٹر چندرشیکھر کمبار کی صدارت میں اکادمی کے ایگزیکٹیو بورڈ کی میٹنگ میں آج انھیں منظور کیا گیا۔

واضح رہے کہ 1955 میں شروع کیا گیا ساہتیہ اکادمی ایوارڈ ادبی شعبہ میں ملک کا سب سے باوقار اعزاز ہے۔ ساہتیہ اکادمی ہر سال ہندوستانی آئین کے آٹھویں شیڈول میں شامل 22 ہندوستانی زبانوں کے علاوہ راجستھانی اور انگریزی سمیت 24 زبانوں میں یہ ایوارڈ فراہم کرتی ہے۔ ساہتیہ اکادمی ایوارڈ یافتگان کو ایک لاکھ روپے نقد رقم اور ایک میمنٹو پیش کیا جاتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔