ڈوڈہ میں اندوہناک بس حادثہ، 38 مسافروں کی موت اور 17 زخمی، ایل جی منوج سنہا کا اظہارِ غم

پولیس کا کہنا ہے کہ ضلع ڈوڈہ میں سڑک پر تین بسیں ایک ساتھ چل رہی تھیں اور ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش میں حادثہ پیش آیا۔

سڑک حادثہ / یو این آئی
سڑک حادثہ / یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

جموں ڈویژن کے ڈوڈہ ضلع میں ایک اندوہناک سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ ضلع کے اسّر میں ایک بس بے قابو ہو کر تقریباً 300 فیٹ گہرے گڈھے میں جا گری جس کی وجہ سے بس میں سوار 38 مسافروں کی موت ہو گئی۔ اس حادثہ میں 17 افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے جن میں سے کچھ کو شدید چوٹیں آئی ہیں۔ حادثہ کی خبر ملنے کے بعد لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اظہارِ غم کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بس کشتواڑ سے جموں کی طرف جا رہی تھی۔ اس حادثہ کی خبر ملتے ہی آس پاس کے لوگ جائے وقوع پر پہنچے اور پولیس کو بھی اطلاع دی گئی۔ زخمیوں کو علاج کے لیے جی ایم سی ڈوڈہ لے جایا گیا ہے۔ ان میں سے کچھ کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔ 2 زخمیوں کی حالت نازک دیکھتے ہوئے انھیں جی ایم سی جموں کے لیے ریفر کیا گیا، لیکن ان کی راستے میں ہی موت ہو گئی۔


پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی جانکاری کے مطابق اس راستہ پر تین بسیں ایک ساتھ چل رہی تھیں اور ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش میں یہ بڑا حادثہ ہوا۔ پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ ضلع ڈپٹی کمشنر، ایس ایس پی ڈوڈہ سمیت دیگر کئی افسران جی ایم سی ڈوڈہ پہنچ گئے ہیں۔ ایک افسر نے بتایا کہ زخمیوں کو فوراً مناسب علاج ملے، اس کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔