’نیشنل ہیرالڈ کے حوالہ سے افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں‘ کانگریس کل ملک بھر میں ای ڈی دفاتر پر کرے گی احتجاج

راہل گاندھی کی کل ای ڈی میں پیشی کے دوران کانگریس لیڈران ایک ساتھ جمع ہو کر حکومت کی اس کارروائی کے خلاف احتجاج درج کرائیں گے اور ملک بھر میں ای ڈی کے دفاتر کے باہر کانگریس لیڈران دھرنا دیں گے۔

ویڈیو گریب
ویڈیو گریب
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: نیشنل ہیرلڈ معاملہ میں کانگریس صدر سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کو پوچھ گچھ کے لئے طلب کئے جانے کے خلاف کانگریس پارٹی نے آج ملک کے کئی شہروں میں پریس کانفرنس کی اور مرکزی حکومت پر حملہ بولا۔ گجرات میں کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ نیشنل ہیرالڈ اخبار کے تعلق سے کئی طرح کی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔

پون کھیڑا نے پریس کانفرس کے دوران کہا کہ نیشنل ہیرالڈ معاملہ میں رتی بھر بھی غیر قانوی سرگرمی شامل نہیں ہے۔ اس کے بعد بھی راہل گاندھی اور سونیا گاندھی کے خلاف سیاسی انتقام کے جذبہ کے تحت نوٹس بھیجے گئے ہیں۔ نوٹس بھیجنے کا مقصد صرف سرخیاں بٹورنا ہے۔ پون کھیڑا نے کہا کہ ہمارے لیڈران نے کچھ غلط نہیں کیا ہے اور وہ بے خوف ہو کر ای ڈی کے دفتر جائیں گے۔


انہوں نے دعویٰ کیا کہ برسراقتدار بی جے پی ان آوازوں کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے جو وزیر اعظم سے سوال کرتی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بی جے پی راہل گاندھی کی شبیہ خراب کرنے کے لئے کروڑوں روپے خرچ کر رہی ہے، کیونکہ وہ بغیر ڈرے وزیر اعظم سے سوال کرتے ہیں۔

دریں اثنا، پارٹی کی گجرات یونٹ کے صدر جگدیش ٹھاکور نے کہا کہ پارٹی کارکنان اس معاملہ پر پیر کے روز ای ڈی کے دفتر کے باہر مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کل ای ڈی کے دفتر تک مارچ بھی نکالا جائے گا۔


خیال رہے کہ ای ڈی نے کانگریس صدر سونیا گاندھی کو نیا سمن جاری کرتے ہوئے 23 جون کو جبکہ راہل گاندھی کو 13 جون یعنی کل پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا ہے۔ راہل گاندھی کی کل ای ڈی میں پیشی کے دوران کانگریس لیڈران ایک ساتھ جمع ہو کر حکومت کی اس کارروائی کے خلاف احتجاج درج کرائیں گے۔ ملک بھر میں ای ڈی کے دفاتر کے باہر کانگریس لیڈران دھرنا دیں گے، جبکہ دہلی میں سی ڈبلیو سی کے ارکان ای ڈی کے صدر دفتر تک مارچ کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔