دہلی سے وارانسی جانے والی انڈیگو کی فلائٹ میں بم کی افواہ، مسافروں نے کھڑکی سے چھلانگ لگا دی!

بم کی دھمکی کے بعد انڈیگو کے عملے نے الرٹ جاری کیا اور مسافروں سے طیارے سے اترنے کی درخواست کی۔ کچھ مسافر ایمرجنسی گیٹ سے نیچے کودے اور کچھ نے فلائٹ کی کھڑکی سے چھلانگ لگا دی

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>

سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

وارانسی: انڈیگو ایئر لائن کی ایک پرواز میں منگل کی صبح بم کی دھمکی ملنے کے بعد مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ یہ فلائٹ دہلی سے وارانسی جا رہی تھی۔ طیارے کو تفتیش کے لیے دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کی تنہائی میں لے جایا گیا۔ ہوائی اڈے کے اہلکار نے بتایا کہ ایوی ایشن سیکورٹی، ڈاگ اسکواڈ اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور پرواز کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔

بم کی دھمکی ملنے کے بعد انڈیگو کے عملے نے الرٹ جاری کیا اور مسافروں سے طیارے سے اترنے کی درخواست کی۔ کچھ مسافروں نے ایمرجنسی گیٹ سے اور کچھ نے فلائٹ کے مین گیٹ سے نیچے کودنا شروع کر دیا۔ دہلی فائر سروس نے کہا کہ صبح 5.35 بجے ہمیں دہلی سے وارانسی جانے والی انڈیگو کی فلائٹ میں بم کی اطلاع ملی۔ ہماری کوئیک رسپانس ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ تمام مسافروں کو طیارے کے ایمرجنسی گیٹ سے باہر نکالا گیا۔ اس دوران کچھ مسافر گھبرا گئے اور جہاز سے نیچے کودنے لگے۔ تمام مسافر محفوظ ہیں۔


فلائٹ کو معائنہ کرنے کے لیے ایئرپورٹ کے ایک خالی حصے میں لے جایا گیا۔ موقع پر موجود ایوی ایشن سیکورٹی آفیسر کے مطابق دہلی وارانسی انڈیگو فلائٹ کے عملے کو ٹیک آف سے قبل طیارے کے ٹوائلٹ میں ایک نوٹ ملا جس پر 'بم' لکھا ہوا تھا۔ اس نوٹ کا نوٹس لیتے ہوئے عملے نے آئی جی آئی ایئرپورٹ انتظامیہ کو آگاہ کیا اور مسافروں کو جہاز سے اتار دیا۔

انڈیگو نے ایک بیان میں کہا، ’’'دہلی سے وارانسی جانے والی انڈیگو کی پرواز 6ای2211 کو دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بم کی دھمکی ملی تھی۔ تمام ضروری پروٹوکول پر عمل کیا گیا اور ایئرپورٹ سیکورٹی ایجنسیوں کی ہدایات کے مطابق طیارے کو ایئرپورٹ کے مرکزی علاقے سے ہٹا دیا گیا۔ تمام مسافروں کو ایمرجنسی گیٹ کے ذریعے بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔‘‘


انڈیگو نے کہا کہ فی الحال پرواز کا معائنہ کیا جا رہا ہے۔ تمام سیکورٹی چیک مکمل ہونے کے بعد، طیارے کو ٹرمینل کے علاقے میں واپس لایا جائے گا۔ سی آئی ایس ایف کے ایک سینئر افسر نے کہا، ’’دہلی ہوائی اڈے پر دہلی سے وارانسی جانے والی انڈیگو کی فلائٹ 6ای2211 کے ٹوائلٹ میں ایک ٹشو پیپر ملا، جس پر بم لکھا ہوا تھا، جس کے بعد سیکورٹی ایجنسیوں نے معائنہ کیا۔ لیکن یہ افواہ نکلی اور کسی نے محض سنسنی پھیلانے کی نیت سے ایسا کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔