آر ایس ایس اور ہندو مہاسبھا آئین کے خلاف تھے، ’یومِ آئین‘ کے موقع پر جے رام رمیش کا بیان

اس دوران جئے رام رمیش نے کہا کہ آر ایس ایس اور ہندو مہاسبھا آئین کے خلاف تھے۔ پی ایم مودی جس نظریے سے آتے ہیں، وہ اس آئین کو بالکل نہیں مانتے۔ آئین بنانے میں اس نظریے کا حصہ بالکل نہیں ہے۔

کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش / آئی اے این ایس
کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش / آئی اے این ایس
user

یو این آئی

کھرگون: کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر جے رام رمیش نے آج یوم دستور کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ آر ایس ایس آئین کے خلاف تھا اور وزیر اعظم جس نظریہ سے آتے ہیں وہ اس آئین کو بالکل نہیں مانتے۔

جے رام رمیش آج 'بھارت جوڑو یاترا' کے دوران مدھیہ پردیش کے کھرگون ضلع کے منیہر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس اور ہندو مہاسبھا آئین کے خلاف تھے۔ پی ایم مودی جس نظریے سے آتے ہیں، وہ اس آئین کو بالکل نہیں مانتے۔ آئین بنانے میں اس نظریے کا حصہ بالکل نہیں ہے۔


انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر نے آئین کا مسودہ تیار ہونے سے ایک دن قبل 25 نومبر 1949 کو دستور ساز اسمبلی میں تقریر کی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ تقریر دنیا کی تین چار اہم ترین تقریروں میں سے ایک ہے۔ ڈاکٹر امبیڈکر کانگریس کے لیڈر نہیں تھے لیکن انہوں نے اس تقریر میں کہا کہ کانگریس کے نظریے کے بغیر یہ آئین نہیں بن سکتا تھا۔ ڈاکٹر امبیڈکر نے کہا کہ اس آئین میں ضروری ترامیم بھی نہیں کرسکتے تھے اگر کانگریس پارٹی اس کی حمایت نہیں کرتی، اس آئین کو بنانے کا سہرا کانگریس پارٹی کو جاتا ہے۔

رمیش نے کہا کہ کھرگے اور راہل گاندھی آج شام مہو میں یوم آئین کے موقع پر ڈاکٹر امبیڈکر کو گلہائے عقیدت پیش کریں گے۔ آئین سازی میں پنڈت جواہر لال نہرو، سردار پٹیل، ڈاکٹر راجندر پرساد اور مولانا آزاد کا اہم کردار ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔