روزگار میلہ: پی ایم مودی کل 70 ہزار نوجوانوں کو دیں گے سرکاری ملازمت کا تقرری نامہ
یہ تقرریاں مرکزی حکومت کے مختلف محکموں کے علاوہ ریاستی حکومت اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کے لیے بھی ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی 13 جون یعنی کل روزگار میلہ میں 70 ہزار لوگوں کو سرکاری ملازمت کا اپوائنٹمنٹ لیٹر (تقرری نامہ) تقسیم کریں گے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق منگل کی صبح 10.30 بجے وزیر اعظم مودی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ روزگار میلہ کی تقریب میں شرکت کریں گے جس میں نوتقرر ملازمین کو تقرری نامہ دیا جائے گا۔ اس درمیان پی ایم مودی نوجوانوں سے خطاب بھی کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تقرریاں مرکزی حکومت کے مختلف محکموں کے علاوہ ریاستی حکومت اور مرکز کے زیر انتظام خطوں میں کے لیے بھی ہیں۔ نو تقرر ملازمین، جنھیں ملک بھر سے منتخب کیا گیا ہے، حکومت کے الگ الگ محکموں مثلاً ڈیپارٹمنٹ آف فنانشیل سروسز، ڈیپارٹمنٹ آف پوسٹ، ڈیپارٹمنٹ آف اسکول ایجوکیشن، ڈیپارٹمنٹ آف ہائر ایجوکیشن، وزارت دفاع، ریونیو ڈیپارٹمنٹ، وزارت برائے صحت و خاندانی فلاح، ڈیپارٹمنٹ آف ایٹومک انرجی، وزارت ریل، ڈیپارٹمنٹ آف آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس اور وزارت داخلہ میں جوائن کریں گے۔
واضح رہے کہ روزگار میلہ وزیر اعظم نریندر مودی کے روزگار پیدا کرنے کو ترجیح دیئے جانے کے عزائم کو پورا کرنے کی سمت میں ایک بڑا قدم ہے۔ روزگار میلہ آگے بھی روزگار پیدا کرنے میں ایک اہم ذریعہ کی شکل میں کام کرے گا اور نوجوانوں کو ان کی خود مختاری اور قومی ترقی میں شراکت داری کے لیے ضروری مواقع فراہم کرے گا۔
قابل ذکر ہے کہ نو تقرر سرکاری ملازمین کو ’آئی جی او ٹی کرمیوگی پورٹل‘ پر ایک آن لائن ماڈیول ’کرمیوگی پرارمبھ‘ کے ذریعہ سے خود کی تربیت کرنے کا موقع بھی مل رہا ہے، جہاں 400 سے زیادہ ای-لرننگ نصاب دستیاب کرائے گئے ہیں۔ یہ ملازمین کہیں سے بھی اور کسی بھی ڈیوائس کے ذریعہ اس کے ساتھ جڑ سکتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔