ریتا بہوگنا جوشی بھی بی جے پی سے ناراض، ’بیٹے کو ٹکٹ ملے تو پارلیمنٹ کی سیٹ چھوڑنے کو تیار!‘

ریتا بہوگنا نے کہا کہ اگر پارٹی ان کے بیٹے کو ٹکٹ دیتی ہے تو وہ رکن پارلیمنٹ کے عہدہ سے استعفی دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا یہ بات انہوں نے بی جے پی اعلیٰ قیادت کو بھی بتا دی ہے۔

ریتا بہوگنا جوشی / تصویر آئی اے این ایس
ریتا بہوگنا جوشی / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

لکھنؤ: اتر پردیش اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی کے کئی لیڈران اپنی وفاداریاں تبدیل کر چکے ہیں اور اب چرچا ہے کہ رکن پارلیمنٹ ریتا بہوگنا جوشی بھی ناراض چل رہی ہیں۔ اس معاملہ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ریتا بہوگنا نے کہا کہ ان کا بیٹا 12 سال سے بی جے پی میں کام کر رہا ہے، ایسے میں اس نے ٹکٹ مانگا ہے جو کہ اس کا حق بھی ہے۔

ریتا بہوگنا نے بتایا کہ ان کے بیٹے نے لکھنؤ کینٹ سے ٹکٹ مانگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارٹی ان کے بیٹے کو ٹکٹ دیتی ہے تو وہ رکن پارلیمنٹ کے عہدہ سے استعفی دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا یہ بات انہوں نے بی جے پی اعلیٰ قیادت کو بھی بتا دی ہے۔


ریتا جوشی نے کہا کہ اگر پارٹی نے اصول بنایا ہے کہ کنبہ کے ایک شخص کو ہی ٹکٹ دیا جا سکتا ہے تو اس صورت میں اگر میرے بیٹے کو لکھنؤ کینٹ سے امیدوار بنایا جاتا ہے تو میں رکن پارلیمنٹ کے عہدے سے استعفی دینے کو تیار ہوں۔ نہ ہی میں 2024 میں لوک سبھا انتخاب لڑوں گی، یہ میں پہلے ہی اعلان کر چکی ہوں۔

خیال رہے کہ بی جے پی میں کئی ممبران پارلیمنٹ ہیں جو اپنی سیاسی وراثت کو آگے بڑھانے کے لیے بیٹوں اور بیٹیوں کو انتخابی میدان میں اتارنا چاہتے ہیں۔ الہ آباد سے رکن پارلیمنٹ ریتا بہوگنا جوشی اپنے بیٹے مینک جوشی کو لکھنؤ کینٹ سیٹ سے الیکشن لڑانا چاہتی ہیں۔ ریتا بہوگنا جوشی اس سیٹ سے دو بار رکن اسمبلی رہ چکی ہیں اور اب وہ اپنے بیٹے کو اس سیٹ سے ایم ایل اے بنانا چاہتی ہیں۔


اس کے علاوہ سیلم پور لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی ایم پی رویندر کشواہا اپنے چھوٹے بھائی جے ناتھ کشواہا کو بھاٹپاررانی اسمبلی سیٹ سے الیکشن لڑانے کے لئے دعویداری کر رہے ہیں۔ کانپور نگر سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ستیہ دیو پچوری کانپور کی گووند نگر سیٹ سے اپنے بیٹے انوپ پچوری کے لیے ٹکٹ مانگ رہے ہیں۔

راج ناتھ سنگھ کے چھوٹے بیٹے نیرج سنگھ بھی لکھنؤ کینٹ اور شمالی اسمبلی سیٹ سے ٹکٹ کے لیے دعویداری کر رہے ہیں۔ وہیں لکھنؤ کی موہن لال گنج سیٹ سے ایم پی اور مرکزی وزیر کوشل کشور اس بار بیٹے وکاس کشور کو ملیح آباد سے اور دوسرے بیٹے پربھات کشور کو سیتا پور کی سدھولی سیٹ سے انتخاب لڑنے کی دعویداری کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔