’’حکومت سے بڑی ہے تنظیم‘‘، کیشو پرساد موریہ کے ٹوئٹ سے یوپی کی سیاست میں ہلچل
اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ کے ایک لائن والے ٹوئٹ نے ریاست کے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ موریہ نے اتوار کو ٹوئٹ کیا، "تنظیم حکومت سے بڑی ہے‘‘۔
اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ کے ایک لائن والے ٹوئٹ نے ریاست کے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ موریہ نے اتوار کو ٹوئٹ کیا، "تنظیم حکومت سے بڑی ہے۔ حالانکہ ٹوئٹ میں کسی خاص واقعے کا ذکر نہیں کیا گیا، لیکن اس ٹوئٹ نے قیاس آرائیوں کو ہوا دے دی ہے، کیونکہ انہوں نے حال ہی میں بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا سے ملاقات کی تھی۔
کیشو پرساد موریہ کا یہ ٹوئٹ ایسے وقت میں آیا ہے جب اتر پردیش کو بی جے پی کے نئے ریاستی صدر کا انتظار ہے۔ پارٹی کے ایک عہدیدار نے کہا کہ "ٹوئٹ سے ایسا لگتا ہے کہ کیشو پرساد موریہ کو اس عہدے کے لیے منتخب کیا گیا ہے اور یہ اپنے حامیوں کو بتانے کا ان کا نیا طریقہ ہے۔" کیشو پرساد موریہ ایک بااثر او بی سی رہنما ہیں، وہ 2017 کے اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے دوران اتر پردیش بی جے پی کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہیں حال ہی میں سوتنتر دیو سنگھ کی جگہ قانون ساز کونسل میں بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر مقرر کیا گیا ہے۔
سوتنتر دیو سنگھ، جو اتر پردیش کابینہ میں وزیر ہیں، جو اس سے قبل بی جے پی کے ریاستی صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے چکے ہیں۔ حالانکہ، یوگی حکومت کے ایک سینئر وزیر نے محسوس کیا کہ اس طرح کے ٹوئٹس غیر ضروری ہیں اور پارٹی صفوں میں الجھن پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ تنظیم سپریم ہے اور اس وقت اس حقیقت کو اجاگر کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔