ریٹائرڈ سرکاری افسر نے لگائی پھانسی، سوسائیڈ نوٹ میں افسر پر فنڈ ریلیز کرنے کے لیے رشوت مانگنے کا لگایا الزام
ہیرا رام شرما کی موت کے بعد اہل خانہ کا رو رو کر برا حال ہے، جب اس موت کی خبر پولیس کو ملی تو وہ جائے حادثہ پر پہنچی اور لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔
اتر پردیش میں خودکشی کا ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں مہلوک کو ایک افسر کے ذریعہ پریشان کیے جانے کی بات سامنے آ رہی ہے۔ اتر پردیش کے ہمیر پور ضلع کا ہے جہاں ریٹائرڈ منڈی انسپکٹر نے منڈی سکریٹری کے استحصال سے پریشان ہو کر خودکشی کر لی ہے۔ مہلوک ہیرا رام شرما کے پاس سے ایک سوسائیڈ نوٹ (خودکشی نوٹ) پولیس نے برآمد کیا ہے جس میں اس نے منڈی سکریٹری پر گریچوئٹی بیمہ سی پی ایف کا کلیم دینے کے نام پر پریشان کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیرا رام شرما کی موت کے بعد اہل خانہ کا رو رو کر برا حال ہے۔ جب اس موت کی خبر پولیس کو ملی تو وہ جائے حادثہ پر پہنچی اور لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ اس پورے واقعہ کی جانچ بھی شروع ہو گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ہیرا رام شرما کے پاس سے جو سوسائیڈ نوٹ ملا ہے اس میں لکھا ہے کہ اگر اسے کسی بھی طرح کی دقت ہو تو رام کمار ساہو کے خلاف 302 کا مقدمہ درج کیا جائے۔
مہلوک کا الزام ہے کہ رام کمار ساہو اس سے گریچوئٹی، بیمہ، سی پی ایف میں 50 فیصد کمیشن دینے کا مطالبہ کر رہا تھا۔ ساتھ ہی محکمہ جاتی طور پر فرضی معاملوں میں پھنسانے کی دھمکی بھی دے رہا تھا۔ پیر کی صبح 5 بجے انھوں نے یہ سوسائیڈ نوٹ لکھا اور اپنی زندگی ختم کر لی۔ پولیس نے سوسائیڈ نوٹ کو قبضے میں لے کر اس کے مطابق تحقیقات شروع کر دی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔