’آج پہلی بار لگا کہ بغیر سورج طلوع ہوئے سویرا ہو گیا‘، والد ملائم سنگھ یادو کو یاد کر کے جذباتی ہوئے اکھلیش

اکھلیش نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں دو تصویریں شیئر کی ہیں، ایک تصویر میں اکھلیش یادو اپنے والد آنجہانی ملائم سنگھ یادو کی چِتا کے سامنے ہاتھ جوڑے کھڑے ہیں، دوسری تصویر میں چِتا جلنے کے بعد کی خاک ہے۔

تصویر ٹوئٹر @yadavakhilesh
تصویر ٹوئٹر @yadavakhilesh
user

قومی آواز بیورو

سماجوادی پارٹی کے بانی اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ ملائم سنگھ یادو اس دنیا سے چلے گئے، ان کی آخری رسومات بھی پوری ہو گئیں، اور اب لوگ ان کو یادوں میں ڈوبے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ ملائم سنگھ کے بیٹے اور سماجوادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو آج صبح جب اٹھے تو اپنے والد کو یاد کر انتہائی جذباتی ہو گئے۔ انھوں نے نیتاجی کو یاد کرتے ہوئے ایک انتہائی جذباتی ٹوئٹ بھی کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’آج پہلی بار لگا کہ بغیر سورج طلوع ہوئے سویرا ہو گیا۔‘‘

اس ٹوئٹ کے ساتھ اکھلیش یادو نے دو تصویریں بھی شیئر کی ہیں۔ ایک تصویر میں اکھلیش یادو اپنے والد آنجہانی ملائم سنگھ یادو کی چِتا کے سامنے ہاتھ جوڑے کھڑے ہیں، اور دوسری تصویر میں ملائم سنگھ کی چِتا جلنے کے بعد کی خاک دکھائی دے رہی ہے۔ اس کے علاوہ اس تصویر میں اکھلیش یادو، اہل خانہ اور دیگر کئی لوگ دکھائی دے رہے ہیں۔


واضح رہے کہ منگل کے روز ملائم سنگھ کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔ ان کا آخری دیدار کے لیے ایک طرف لوگوں کا ہجوم موجود تھا، تو دوسری طرف ملک بھر سے وی آئی پی بھی انھیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سیفئی پہنچے تھے۔ یہ سلسلہ پیر کی شام سے شروع ہوا جو منگل کی دوپہر تک چلتا رہا۔ سیفئی میں بارش کے درمیان نیتاجی کے چاہنے والوں کے چہروں پر غم کی لکیریں صاف دکھائی دے رہی تھیں۔

قابل ذکر ہے کہ ملائم سنگھ یادو کا پیر کے روز گروگرام کے میدانتا اسپتال میں 82 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا تھا۔ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کو سیفئی پہنچ کر انھیں خراج عقیدت پیش کی تھی۔ ملائم سنگھ کے انتقال پر اتر پردیش میں تین دنوں کے سرکاری غم کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔