رام دیو پر بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ کا حملہ، ’ملاوٹی گھی‘ فروخت کرنے کا الزام عائد کیا

اتر پردیش کے قیصر گنج سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ نے یوگا گرو سوامی رام دیو پر پتنجلی برانڈ کے نام سے 'ملاوٹی گھی' فروخت کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

بابا رام دیو / آئی اے این ایس
بابا رام دیو / آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

لکھنؤ: اتر پردیش کے قیصر گنج سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ نے یوگا گرو سوامی رام دیو پر پتنجلی برانڈ کے نام سے 'ملاوٹی گھی' فروخت کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ رام دیو یوگا کے اسٹیپس کو غلط طریقے سے بتا رہے ہیں، جس سے ان کے پیروکار بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

برج بھوشن شرن سنگھ نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ بازار سے گھی خریدنے کے بجائے گائے یا بھینس گھر میں رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ کمزور آدمی کا بچہ کمزور پیدا ہوتا ہے۔ صحت مند رہنے کے لئے گھروں میں صاف، صفائی، خالص دودھ اور گھی کا ہونا بہت ضروری ہے۔


انہوں نے کہا، "میں جلد ہی سنتوں کی ایک میٹنگ بلاؤں گا اور ان سے مہارشی پتنجلی کے نام کا استحصال بند کرنے کی درخواست کروں گا۔ میں اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ رام دیو کے پیروکاروں کی طرف سے تیار اور فروخت کئے جا رہے جعلی دودھ کی مصنوعات کے خلاف میری تحریک کو سنتوں کا آشیرواد حاصل ہو۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ جعلی گھی پر اپنے بیان پر رام دیو نے انہیں قانونی نوٹس بھیجا تھا اور ان سے معافی مانگنے کو کہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں کبھی معافی نہیں مانگوں گا اور میں نے جو کہا ہے اس پر قائم ہوں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔