گجرات انتخابات: سائیکل پر ایل پی جی سلنڈر کے ساتھ ووٹ ڈالنے پہنچا کانگریس امیدوار، ویڈیو وائرل
امریلی میں کانگریس امیدوار پریش دھانانی کا الگ انداز نظر آیا، وہ سائیکل پر گیس سلنڈر لے کر ووٹ ڈالنے گھر سے بوتھ پر پہنچے اور پھر ووٹ ڈالا۔
گاندھی نگر: گجرات اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ آج صبح 8 بجے سے جاری ہے۔ ووٹنگ شام 5 بجے تک ختم ہوگی۔ سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ اس دوران امریلی میں کانگریس امیدوار پریش دھانانی کا الگ انداز دیکھنے کو ملا۔ دراصل وہ سائیکل پر گیس سلنڈر لے کر ووٹ ڈالنے گھر سے بوتھ پر پہنچے اور پھر اپنا ووٹ ڈالا۔
اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد کانگریس امیدوار پریش دھانانی نے کہا، "گزشتہ 27 سالوں میں بی جے پی نے ریاست کو خوف اور خود غرضی کی دیوار کے درمیان غلام بنانے کی سازش کی ہے۔ حکومتی ناکامیوں کی وجہ سے گجرات میں کساد بازاری، مہنگائی، بے روزگاری روز بروز بڑھ رہی ہے۔‘‘
کانگریس امیدوار پریش دھانانی نے کہا کہ ’’ان مسائل سے نجات پانے کے لیے میں نے آج ووٹ دیا ہے اور مجھے یقین ہے کہ پورا گجرات بھی ووٹ دے گا اور حکومت کی تبدیلی آئے گی۔ کانگریس آئے گی اور پھر سے خوشحالی چھائے گی۔‘‘
خیال رہے کہ انتخابات کے پہلے مرحلے میں 39 سیاسی جماعتوں کے 788 امیدوار میدان میں ہیں۔ ان میں 70 خواتین بھی شامل ہیں۔ اس مرحلے میں کل 2 کروڑ 39 لاکھ 76 ہزار 670 ووٹرز اپنے حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ان میں سے 12433362 مرد، 11542811 خواتین اور 497 خواجہ سرا ووٹرز ہیں۔ اس الیکشن میں پہلی بار ووٹ ڈالنے والے 18 سے 19 سال کے نوجوان ووٹرز کی تعداد 574560 ہے، جبکہ 99 سال سے زیادہ عمر کے ووٹرز کی تعداد 4945 ہے۔
گجرات میں دو مرحلوں میں ووٹنگ ہونی ہے۔ پہلے مرحلے کی پولنگ یکم دسمبر یعنی آج ہو رہی ہے جبکہ دوسرے مرحلے کی پولنگ 5 دسمبر کو ہونی ہے۔ دوسرے مرحلے میں 83 نشستوں کے لیے 833 امیدواروں کی مہم 3 دسمبر تک جاری رہے گی۔ جبکہ نتائج کا اعلان 8 دسمبر کو کیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔