دہلی میں ’رام مندر بھومی پوجن‘ کا ہوگا براہ راست نشریہ، بی جے پی سبھی 70 اسمبلی حلقوں میں لگائے گی ایل ای ڈی اسکرین!
دہلی ریاستی بی جے پی صدر آدیش کمار گپتا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ‘بھومی پوجن’ کے لیے پی ایم نریندر مودی ایودھیا میں موجود رہیں گے اور یہ ایک تاریخی موقع ہوگا جسے ہر شخص دیکھنا چاہے گا۔
ایک طرف آئندہ 5 اگست کو ایودھیا میں ہونے والے رام مندر بھومی پوجن کی زبردست تیاریاں چل رہی ہیں، اور دوسری طرف اس موقع کو پورے ہندوستان میں تہوار کے طور پر منانے کے لیے بھی سرگرمیاں شروع ہو گئی ہیں۔ ملک کی راجدھانی دہلی میں بھی اس تعلق سے گہما گہمی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ دہلی ریاستی بی جے پی صدر آدیش کمار گپتا نے تو جمعرات کو باضابطہ یہ اعلان کیا کہ 5 اگست کو ایودھیا میں رام مندر کے سنگ بنیاد کے موقع پر پارٹی پورے شہر میں بڑے بڑے ایل ای ڈی اسکرین لگائے گی تاکہ راجدھانی کے لوگ اس کا براہ راست نشریہ دیکھ سکیں۔
دہلی ریاستی بی جے پی صدر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 'بھومی پوجن' کے لیے پی ایم نریندر مودی ایودھیا میں موجود رہیں گے اور یہ ایک تاریخی موقع ہوگا جسے ہر شخص دیکھنا چاہے گا۔ اس موقع پر پورےدہلی شہر میں تیاریاں کی جا رہی ہیں اور پارٹی کے لیڈران دیا جلا کر جشن منانے والے ہیں۔ آدیش گپتا نے یہ بھی کہا کہ "اس موقع کو آنے والی نسلیں بھی یاد کریں گی اور یہ ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم اس تاریخی لمحہ کو فخر آمیز بنا دیں۔"
آدیش گپتا نے دہلی میں چل رہی تیاریوں کے حوالے سے تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ دہلی ریاستی بی جے پی کے لیڈران اور کارکنان راجدھانی کی سبھی 70 اسمبلی سیٹوں پر لوگوں کے ساتھ 'بھومی پوجن' کا بڑے ایل ای ڈی اسکرین پر براہ راست نشریہ دیکھیں گے۔ بوقت شام پارٹی کارکنان اپنے اپنے گھروں میں دیے جلائیں گے اور اپنے پڑوسیوں کو بھی اس کے لیے ترغیب دیں گے۔
دراصل بی جے پی رام مندر بھومی پوجن کو ایک ایسی بڑی تقریب کی شکل دینا چاہتی ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے۔ اسی کے پیش نظر دہلی ریاستی بی جے پی کے سکریٹری راجیش بھاٹیا نے کہا کہ "پارٹی اس دن کو تہوار کی شکل میں منائے گی اور اس میں کثیر تعداد میں لوگوں کی شراکت داری یقینی بنائے گی۔" انھوں نے مزید کہا کہ "5 اگست کو 500 سالوں کے بعد ایودھیا میں رام مندر کا خواب پورا ہونے جا رہا ہے۔ ہم دہلی کے لوگوں کے ساتھ اس دن کو دیوالی کی طرح منانے کی تیاری کر رہے ہیں۔"
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 31 Jul 2020, 9:11 AM