'رام مندر تعمیر ہوتے ہی بھاگ جائے گا کورونا'، بی جے پی رکن پارلیمنٹ جسکور مینا کا دلچسپ بیَان

جسکور مینا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ "ہم تو روحانی قوت کے پجاری ہیں۔ روحانی طاقت کے حساب سے ہی چلتے ہیں۔ ایودھیا میں رام مندر بنتے ہی کورونا ملک سے بھاگ جائے گا۔"

رام مندر، آئی اے این ایس
رام مندر، آئی اے این ایس
user

تنویر

ایک طرف ہندوستان میں کورونا وبا نے اپنی تباہی مچائی ہوئی ہے، اور دوسری طرف رام مندر تعمیر کو لے کر آئندہ 5 اگست کو بھومی پوجن کا پروگرام منعقد ہونے والا ہے جس کو لے کر تنازعہ شروع ہو چکا ہے۔ ہندوؤں کا ایک طبقہ چاہتا ہے کہ رام مندر تعمیر کا آغاز پورے دھوم دھام کے ساتھ ہو، اور ایک طبقہ کا کہنا ہے کہ کورونا بحران میں رام مندر تعمیر کے لیے بھومی پوجن کرانا مناسب نہیں۔ اس درمیان بی جے پی رکن پارلیمنٹ جسکور مینا نے ایک عجیب بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ "رام مندر تعمیر ہوتے ہی ہندوستان سے کورونا وائرس بھاگ جائے گا۔"

راجستھان کی دوسہ لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ جسکور مینا نے یہ بیان میڈیا کے سامنے رام مندر تعمیر کے لیے ہونے والی بھومی پوجن پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے دیا۔ انھوں نے کہا کہ "ہم تو روحانی قوت کے پجاری ہیں۔ روحانی طاقت کے حساب سے ہی چلتے ہیں۔ ایودھیا میں رام مندر بنتے ہی کورونا ملک سے بھاگ جائے گا۔" ساتھ ہی جسکور نے یہ بھی کہہ ڈالا کہ "سالوں کا انتظار ختم ہونے جا رہا ہے۔ ایسے میں 5 اگست کو ہم سب خوشیاں منائیں گے، گھروں میں دیا جلائیں گے اور مٹھائیاں تقسیم کریں گے۔"


قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل مدھیہ پردیش اسمبلی کے پروٹیم اسپیکر رامیشور شرما نے بھی رام مندر تعمیر کو لے کر کچھ ایسا ہی عجیب و غریب بیان دیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ "کورونا وبا کا خاتمہ ایودھیا میں رام مندر تعمیر کی شروعات کے ساتھ ہوگا۔ اس وقت راکشش کا وَدھ کرنے کے لیے بھگوان رام کا جنم ہوا تھا، اس لیے 5 تاریخ کو جیسے ہی رام مندر تعمیر کا کام شروع ہوگا، کورونا جیسی وبا کا خاتمہ بھی شروع ہو جائے گا۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 28 Jul 2020, 4:58 PM