راجوری انکاؤنٹر: تیسرے روز بھی تلاشی آپریشن ہنوز جاری، اضافی اہلکاروں کی تعیناتی

اطلاعات کے مطابق راجوری کے کنڈی علاقے میں تیسرے روز بھی تلاشی آپریشن جاری رہا جس دوران مزید کئی علاقوں کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دیئے گئے ہیں۔

سیکورٹی، علامتی تصویر یو این آئی
سیکورٹی، علامتی تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

جموں: راجوری کے جنگلی علاقے میں تیسرے روز بھی ملی ٹینٹ مخالف آپریشن جاری رہا، جبکہ فوج نے مزید کئی علاقوں کو محاصرے میں لے لیا۔ معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے رکھا ہے جبکہ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے علاقے پر نظر گزر رکھی جا رہی ہے۔

اطلاعات کے مطابق راجوری کے کنڈی علاقے میں تیسرے روز بھی تلاشی آپریشن جاری رہا جس دوران مزید کئی علاقوں کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دیئے گئے ہیں۔ فوج کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ ہفتے کے روز راجوری کے جنگلی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین آمنا سامنا ہوا تھا اور اس کے بعد گولیوں کا تبادلہ نہیں ہوا۔ ان کے مطابق علاقے میں موسمی صورتحال کافی خراب ہے لیکن اس کے باوجود بھی سیکورٹی فورسز کی جانب سے تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے۔


انہوں نے مزید بتایا کہ مفرور ملی ٹینٹوں کو تلاش کرنے کی خاطر فضائیہ کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہے۔ موصوف فوجی آفیسر نے بتایا کہ اضافی فوجی دستوں کی مدد سے جنگلی علاقے میں تین دائروں والی سیکورٹی تعینات کی گئی ہے اور یہ کہ آپریشن میں مزید کچھ وقت لگ سکتا ہے۔ دریں اثنا دفاعی ذرائع نے بتایا کہ جنگلی علاقے میں تلاشی آپریشن کے بیچ ایل او سی پر ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ راجوری، پونچھ میں ایل او سی پر ریڈ الرٹ جاری کیا گیا تاکہ امکانی حملوں کو رونما ہونے سے پہلے ہی ٹالا جاسکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سرحدوں پر فوج کو چوبیس گھنٹے متحرک رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ سرحدی علاقوں میں لوگوں پر نظر گزر رکھی جا رہی ہیں جبکہ اہم شاہراوں پر خصوصی ناکے لگائے گئے ہیں جہاں پر ہر آنے جانے والے کی باریک بینی سے تلاشی لی جا رہی ہے۔


بتادیں کہ فوج کے مطابق راجوری کے کنڈی علاقے میں جمعہ کو ملی ٹنٹوں کے حملے میں پانچ فوجی جوان از جان جبکہ ایک افسر شدید زخمی ہوا تھا۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ہفتے کے روز راجوری اور پونچھ اضلاع کی سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔