راجستھان: پولیس نے گئو نسل سے بھرے ٹرک کو پکڑا، پولیس کو دیکھتے ہی ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار
پولیس کے مطابق ٹرک کی تلاشی کے دوران اس میں 51 گئو نسل دکھائی دیے، پولیس نے ان سبھی کو شہر کے کوٹہ روڈ کاین ہاؤس میں ڈلوا دیا اور ٹرک کو ضبط کر آگے کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
راجستھان کے باراں میں گئو نسل سے بھرا ٹرک برآمد ہوا ہے۔ کوتوالی پولیس نے این ایچ-27 پر ناقہ بندی کے دوران کارروائی کرتے ہوئے یہ ٹرک پکڑا۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مویشی اسمگلر ٹرک میں بھر کر ان جانوروں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جا رہے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جب ٹرک کو پکڑا گیا تو اس میں 51 جانور موجود تھے۔ ملزم ڈرائیور اور اس کا معاون پولیس ٹیم کو دیکھتے ہی وہاں سے فرار ہو گئے۔
پولیس نے ٹرک کو اپنے قبضے میں لے کر سبھی جانوروں کو کوٹہ روڈ گئوشالہ میں ڈال دیا ہے۔ کوتوالی تھانہ سی آئی مانگے لال یادو نے اس سلسلے میں بتایا کہ جمعہ کی صبح این ایچ-27 پر کوٹہ کی طرف سے آ رہے ٹرک پر گئو نسل لدے ہونے کی اطلاع ملی تھی۔ اس کے بعد پولیس نے شاہراہ پر ناقہ بندی کر دی۔ جب ٹرک آتا دکھائی دیا تو اندیشہ کی بنیاد پر پولیس ٹیم نے ڈرائیور کو رکنے کا اشارہ کیا۔ پولیس ٹیم کو دیکھ کر ڈرائیور کے ساتھ ساتھ اس کا معاون بھی فرار ہو گیا۔
سی آئی یادو نے بتایا کہ ٹرک کی تلاشی کے دوران اس میں 51 گئو نسل دکھائی دیے۔ گئو نسل ٹرک میں ٹھونس ٹھونس کر بھرے گئے تھے۔ پولیس نے ان سبھی کو شہر کے کوٹہ روڈ کاین ہاؤس میں ڈلوا دیا اور ٹرک کو ضبط کر آگے کی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس نے یہ بھی بتایا کہ موقع پر مویشی کے ڈاکٹر کو بلوا کر مویشیوں کی طبی جانچ کروائی گئی ہے۔ پولیس نے معاملہ درج کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ فی الحال پتہ نہیں چل سکا ہے کہ اسمگلر گئو نسل کو کہاں سے لا رہے تھے اور کہاں لے جا رہے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔