راجستھان: اندرا گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر اڑان اسکیم شروع کرنے کا منصوبہ
راجستھان ہیلتھ سروسز کارپوریشن لمیٹڈ (آر ایم ایس سی ایل) کی جانب سے سیلف ہیلپ گروپس کے ذریعے تیار کردہ نیپکنز ''مکھیہ منتری مفت اسکیم'' کے تحت خریدے جائیں گے۔
جے پور: ملک کی پہلی خاتون وزیر اعظم اندرا گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر 19 نومبر کو ریاست کی تمام خواتین کو بہتر صحت اور ذاتی جسمانی حفظان صحت سے متعلق بیداری پیدا کرنے اور مختلف بیماریوں سے بچنے کے لیے" اڑان اسکیم" شروع کی جائے گی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق اس اسکیم کے تحت سینیٹری نیپکن کی مفت تقسیم مرحلہ وار اسکولوں، کالجوں اور آنگن واڑی مراکز وغیرہ کے ذریعے کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے اڑان اسکیم کے لیے 200 کروڑ روپے کے بجٹ کی تجویز کی منظوری دے دی ہے۔ تجویز کے مطابق بہتر صحت اور حفظان صحت کے لیے لڑکیوں اور نوعمر لڑکیوں میں مفت سینیٹری نیپکن کی تقسیم کا دائرہ بڑھاتے ہوئے اب یہ سہولت ریاست کی تمام خواتین کو ضرورت کے مطابق مرحلہ وار طریقے سے دستیاب کرائی جائے گی۔ اس کے ساتھ خواتین کی صحت سے متعلق خصوصی آگاہی مہم خواتین سیلف ہیلپ گروپس، سماجی اور غیر سرکاری تنظیموں وغیرہ کے ذریعے چلائی جائے گی۔
ریاستی بجٹ سال 2021-22 میں خواتین کو بااختیار بنانے والا شعبہ اڑان اسکیم کا نوڈل شعبہ ہوگا۔ یہ میڈیکل اور ہیلتھ، اسکول ایجوکیشن اور کالج ایجوکیشن کے ساتھ ساتھ ٹیکنیکل اینڈ ہائر ایجوکیشن، ٹرائبل ایریا ڈیولپمنٹ اور پنچایتی راج اور دیہی ترقی کے محکموں کے تعاون سے نافذ کیا جائے گا۔ مؤثر نفاذ کے لیے ریاستی سطح پر دو اور ضلع سطح پر ایک ایک برانڈ ایمبیسڈر بنائے جائیں گے۔ اسکیم سے وابستہ رضاکار تنظیمیں، برانڈ ایمبیسڈر وغیرہ کو بھی بہترین کام کرنے پر انعام دیا جائے گا۔
راجستھان ہیلتھ سروسز کارپوریشن لمیٹڈ (آر ایم ایس سی ایل) کی جانب سے سیلف ہیلپ گروپس کے ذریعے تیار کردہ نیپکنز ''مکھیہ منتری مفت اسکیم'' کے تحت خریدے جائیں گے۔ نیپکن اسکولوں، کالجوں اور آنگن واڑی مراکز وغیرہ کے ذریعے مفت تقسیم کیے جائیں گے۔ آر ایم ایس سی ایل کی طرف سے تمام ڈسٹری بیوشن سینٹرز پر سینیٹری نیپکن کا مناسب ذخیرہ دستیاب کیا جائے گا۔ نیپکن کے انتظام سے متعلق شکایات ہیلپ لائن نمبر 181 پر کی جا سکتی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔